
بھارت میں گزشتہ ایک برس سے بدعنوانی کے خلاف تحریک جاری ہے
بد عنوانی کے خلاف تحریک کے علمبردار اور انّا ہزارے کی ٹیم کے اہم رکن اروند کیجریوال نے کہا ہے کہ بھارت کی سیاست چند بدعنوان سیاست دانوں اور اور بے ایمان صنعتی گھرانوں کی گرفت میں ہے اور بھارت کو ان کے چنگل سے آزاد ی دلانے کے لیے صحیح رہنماؤں کی ضرورت ہے ۔
بھارت کی یوم آزادی کے موقع پر ایک بلاگ میں مسٹر کیجریوال نے لکھا ہے کہ آج بھارت میں عوام کی قسمت چند بدعنوان سیاست دانوں ، اہلکاروں اور بے ایمان صنعتی گھرانوں کی یر غمال بنی ہوئی ہے ۔
انہوں نے لکھا ہے کہ ’میں اس دن کی امید کرتا ہوں کہ جب ہم صحیح آزادی حاصل کر سکیں گے ، جب عوام اپنی قسمت کے خود مالک ہونگے اور جب سیاست خدمت کرنے کا ذریعہ ہو گی دولت کمانے کا نہیں‘۔
کیجریوال نے لکھا ہے ’بھارت کو ایسے نظام کی ضوررت ہے جس میں عوام قانون سازی کے عمل میں براہ راست حصے دار ہوں اور ان کا کردار ہر پانچ برس میں کچھ لوگوں کو محض منتخب کرنے تک محدود نہ ہو‘۔
کیجریوال انا ہزارے کی تحریک کے سب سے اہم رکن تصور کیے جاتے ہیں۔ دو ہفتے قبل انّا ہزارے اور ان کے ساتھیوں نے کانگریس کی حکومت کو بدعنوان قرار دے کر ایک نئی سیاسی جماعت تشکیل دینے کا اعلان کیا تھا۔
انا کی ہی طرز پر شمالی ہندوستان کے ایک معروف سادھو اور یوگا گرو بابا رام دیو نے بھی کالے دھن کے خلاف تحریک کے نام پر کانگریس حکومت کے خلاف مہم چلا رکھی تھی۔
"بھارت کو ایسے نظام کی ضوررت ہے جس میں عوام قانون سازی کے عمل میں براہ راست حصے دار ہوں اور ان کا کردار ہر پانچ برس میں کچھ لوگوں کو محض منتخب کرنے تک محدود نہ ہو۔"
اروند کیجریوال
بابا رام دیو نے بھی اعلان کیا ہے کہ وہ آئندہ پارلیمانی انتخابات میں کانگریس کے خلاف مہم چلائیں گے ۔ انہوں نے اپنے حامیوں سے اپیل کی ہے کہ ’کانگریس کا ایک بھی ایم پی جیتنے نہ پائے‘۔
ادھر گجرات میں وزیر اعلی نریندر مودی نے بھی یوم آزادی کی اپنی تقریب میں وزیر اعظم منوہن سنگھ کو اپنی تنقید کا نشانہ بنایا ہے ۔ مودی نے کہا ہے کہ یہ حکومت ملک کو آگے لے جانے کا اپنا وقت کھو چکی ہے۔مودی نے اپنی تقریر میں کئی مرحلوں پر خود کو قومی سطح کے رہنما کے طور پر پیش کرنے کی شعوری کوشش کی ۔
خود وزیر اعظم نے یوم آزادی پر اپنی تقریر میں دفاعی رخ اختیار کیا ہے ۔ بدعنوانی کے سوال پر انہوں نے یہ صفائی دینے کی کوشش کی کہ ان کی حکومت نے کیا کیااقدامات کیے ۔ اقتصادی سست روی کے لیے انہون نے بجائے اپنی پالیسیون کی ناکامی کا اعتراف کرنے کے انہوں نے حزب اختلاف کو ذمےدار قرار دیا ۔
بھارتیہ جنتا پارٹی نے منموہن سنگھ کے خطاب کو ’سرد اور بے سمت‘ قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے ۔






























