’ کیا افضل گرو کانگریس کے داماد ہیں؟‘

نتن گٹکری
،تصویر کا کیپشننتن گٹکری کے بیانات سے کئی بار تنازعہ ہو چکا ہے

جب نتن گڈکری گزشتہ برس بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر بنے تھے تو ان کا وعدہ پارٹی کی شبیہہ بدلنے کا تھا، اس میں تو انہیں زیادہ کامیابی نہیں ملی لیکن ان کے آنے سے ملک میں سیاسی بحث کا معیار کافی بدل گیا ہے۔

چند ہی ہفتے قبل گڈکری نے حزب اختلاف کے رہنماؤں لالو پرساد یادو اور ملائم سنگھ کے بارے میں کہا تھا کہ’ پہلے شیر کی طرح دہاڑتے پھرتے تھے۔۔۔ اب کتوں کی طرح سونیا گاندھی کے جوتے چاٹ رہے ہیں۔‘

پھر انہوں نے اپنے بیان کا مطلب ’سمجھانے‘ کی کوشش کی اور جب شدید تنقید کا زور نہیں تھما تو انہیں معافی مانگنی پڑی۔

اور اب انہوں نے ایک اور اہم سوال اٹھایا ہے: ’ کیا افضل گرو کانگریس کے داماد ہیں؟ ان کے ساتھ خاص سلوک کیوں کیا جارہا ہے۔‘

افضل گرو کو بھارتی پارلیمان پر حملے کے سلسلے میں سزائے موت سنائی گئی تھی اور بھارتیہ جنتا پارٹی کافی عرصے سے انہیں پھانسی دینے کا مطالبہ کرتی رہی ہے۔ پارٹی کا نظریہ ہے کہ افضل گورو کو پھانسی نہ دینے سے پیغام یہ جاتا ہے کہ ہندوستان ایک کمزور ملک ہے جو دہشت گردی کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔

افضل گرو
،تصویر کا کیپشنافضل گرو کو پھانسی کی سزا سنائی گئی ہے

گڈکری نے اس پس منظر میں کہا کہ ’ کانگریس خوفزدہ لوگوں سے بھری پڑی ہے۔ نہ وہ کبھی دہشت گردوں کا مقابلہ کر سکتے ہیں اور نہ کبھی دہشت گردی پر قابو پاسکتے ہیں۔ یہ پارٹی دہشت گردوں کے سامنے جھک جائے گی اور ہندوستان کا دفاع نہیں کرسکے گی۔‘

جواب میں کانگریس نے بھی کوئی کثر باقی نہیں رکھی۔ کانگریس کے ترجمان منیش تیواری نے کہا کہ نتن گڈکری کا بیان بے ہودہ ہے۔ ’یہ بات بالکل واضح ہے کہ بی جے پی کے معزز صدر کا دماغ گھوم گیا ہے۔ بی جے پی کو ان پر رحم کھاکر انہیں نفسیاتی علاج کے لیے کسی مرکز میں داخل کرا دینا چاہیے۔ اس شخص کو مدد کی سخت ضرورت ہے۔‘

بہر حال، اس مرتبہ گڈکری نے معافی مانگنے سے صاف انکار کر دیا ہے اور بی جے پی کے ایک ترجمان نے منیش تیواری کے بیان کو قابل اعتراض قرار دیا ہے۔