شاہ رخ خان شیو سینا کے نشانے پر

- مصنف, ریحانہ بستی والا
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ممبئی
انڈین پریمیئر لیگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کے لیے بولی نہ لگائے جانے پر بالی وڈ کنگ شاہ رخ کے بیان پر مہاراشٹر کی علاقائی سیاسی جماعت شیوسینا نے سخت الفاظ میں ان پر تنقید کی ہے اور انہیں دھمکی دی ہے۔
شیوسینا نے اپنے ترجمان اخبار ’سامنا‘ میں لکھا ہے کہ شیوسینا چیف بال ٹھاکرے نے واضح لفظ میں کہہ دیا ہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو ممبئی میں کھیلنے نہیں دیا جائےگا۔
اخبار کے ایڈیٹر اور شیوسینا لیڈر سنجے راؤت نے شاہ رخ خان کے لیے لکھا ہے کہ خان کو کچھ بھی بولنے سے پہلے سوچ سمجھ کر بولنا چاہیے۔
انہوں نے دھمکی دی ہے کہ اگر شاہ رخ خان نے بال ٹھاکرے کے جاری کردہ فرمان کی خلاف ورزی کی تو اس کے انتہائی برے نتائج ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’وہ شاہ رخ نہیں بلکہ ان کے اندر کا ’خان‘ ہے جو اس طرح کے بیان دے رہا ہے۔ وہ اگر چاہتے ہیں تو لاہور، کراچی اور اسلام آباد جا کر رہیں۔ ان کی ممبئی میں ضرورت نہیں ہے۔‘
راؤت نے بی بی سی سے گفتگو کے دوران کہا کہ ’پاکستان ایک عرصہ سے ہندوستان میں دہشت گردی پھیلا رہا ہے تو پھر ہم ان کے لوگوں کو ہماری زمین پر آنے کی اجازت کیسے دے سکتے ہیں۔‘ ایک سوال پر کہ آخر کھیل کو اس سے مستثنی کیوں نہیں رکھا جاتا اس پر راؤت کا کہنا تھا کہ کرکٹ کے ذریعے ہم دنیا کو اپنا غصہ جتانا چاہتے ہیں اور ’ہمیں اس ملک میں اظہار خیال کی آزادی ہے۔‘
راؤت نے شاہ رخ خان کے خلاف مہم چھیڑنے کی بات کی اور کہا کہ ان کی آنے والی فلم ’مائی نیم اِز خان‘ کی نمائش ہونے نہیں دی جائے گی۔ ممبئی سے متصل تھانے علاقے میں شیوسینکوں نے فلم ’مائی نیم از خان‘ کے پوسٹرز بھی پھاڑے۔
انڈین پریمیئر لیگ کے تیسرے سیزن کی نیلامی میں گیارہ پاکستانی کھلاڑیوں کے لیے کسی بھی فرینچائزی نے بولی نہیں لگائی تھی۔ اس پر آئی پی ایل ٹیم کولکتہ نائٹ رائڈرز کے مالک بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان نے میڈیا کو انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ انہیں اس پر افسوس ہوا ہے۔
ان کے بقول پاکستانی کھلاڑی چیمپیئن اور شاندار ہیں۔ اگر ان کے ساتھ کسی طرح کا کوئی تنازعہ تھا تو اس معاملے کو پہلے بورڈ کی سطح پر طے کر لیا جانا چاہیے تھا۔ خان نے یہ بھی کہا تھا کہ اس معاملے کو دوستانہ اور اچھے ماحول میں حل کیا جا سکتا تھا لیکن اب جو کچھ ہوا وہ افسوسناک ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
فلمساز کرن جوہر کی فلم ’مائی نیم از خان‘ جس میں شاہ رخ خان اور کاجول نے اداکاری کی ہے، نمائش کے لیے پیش کی جانے والی ہے۔ شاہ رخ خان بالی وڈ میں کنگ کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ دنیا کے کئٰی ممالک نے انہیں اعزازی ایوارڈ سے نوازا ہے۔ دنیا بھر میں ان کے پرستاروں کی تعداد بہت زیادہ ہے۔
مراٹھیوں کے نام نہاد مفاد کی سیاست کے لیے شیوسینا نے شاہ رخ خان سے قبل نامور صنعت کار مکیش امبانی اور مشہور کرکٹر سچن تیندولکر کو بھی اسی طرح اپنی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ریلائنس کمپنیوں کے مالک امبانی نے دو روز قبل لندن سکول آف اکنامکس میں پینل ڈسکشن کے دوران کہا تھا کہ ممبئی، دہلی، چینئی کے شہر سب کے لیے ہیں۔ شیوسینا نے اس پر بھی سخت ردعمل کا اظہار کیا تھا۔ بال ٹھاکرے نے اخبار میں لکھا ہے کہ ممبئی پر مراٹھیوں کا اتنا ہی حق ہے جتنا امبانی کو ان کی ریلائنس کمپنیوں پر۔
نامور کرکٹر سچن تیندولکر کے اس بیان پر کہ ممبئی سبھی کے لیے ہے، بال ٹھاکرے نے تنقید کی تھی کہ سچن صرف کرکٹ کھیلیں سیاست سے دور رہیںاور اور کہا تھا کہ ’ممبئی کون آئے گا یہ فیصلہ کرنےکا حق ہمارا ہے سچن کا نہیں۔‘







