BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
آر ایس ایس کیا ہے
آر ایس ایس کیا ہے
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Saturday, 17 June, 2006, 12:59 GMT 17:59 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
عاطف بالی وڈ سنگر کے ساتھ

’فی الحال شادی کا ارادہ نہیں تاہم لڑکی تقریبًا فائنل ہے‘
پاکستان کے مقبول پاپ سنگر عاطف اسلم نے کہاہے کہ ان کے پہلے البم ’جل پری‘ نے ریکارڈ کامیابی حاصل کی ہے اور اس کامیابی نے ان کی ذمہ داریوں میں اضافہ کر دیا ہے۔

’میرے پرستاروں نے اب مجھ سے زیادہ توقعات وابستہ کرلی ہیں چنانچہ مجھے اپنے دوسرے البم پر پہلے البم کی نسبت کئی گنا زیادہ محنت کرنا پڑ رہی ہے‘۔

’میرا دوسرا البم تکمیل کے آخری مراحل میں ہے جو بہت جلد مارکیٹ میں آجائے گا۔ اپنے نئے البم کا بھی میوزک میں نے خود تیار کیا ہے اور اس کے گانے بھی خود لکھے ہیں‘۔

ان خیالات کا اظہار عاطف اسلم نے ایک خصوصی انٹرویو میں کیا۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے خاندان میں ان سے پہلے کوئی شوبز میں نہیں آیا- ’شوبز میں میری آمد بھی محض اتفاق ہے۔ زمانہ طالب علمی سے مجھے گٹار بجانے کا شوق تھا۔ گھر کا ماحول گانے بجانے کی اجازت نہیں دیتا تھا چنانچہ میں نے پہلا گانا’عادت‘ والد صاحب سے چھپ کر بنایا اور اس کے اخراجات اپنی پاکٹ منی سے پورے کیئے۔ میں نے جب یہ گانا اپنی والدہ کو سنایا تو وہ حیران رہ گئیں اور کہنے لگیں کہ ’کیا واقعی یہ تیرا گانا ہے‘۔

عاطف کا کہنا تھا کہ ’ماں کے ان الفاظ نے مجھے حوصلہ دیا اور جب یہ گانا مارکیٹ میں آیا تو کامیابی اس کا مقدر بنی۔ میرا حوصلہ بڑھا اور میں نے باقاعدہ گلوکاری شروع کر دی پہلا البم’جل پری‘ ریلیز کیا جس نے ریکارڈ کامیابی حاصل کی۔ میری شہرت پاکستان کی سرحدیں پار کرگئی اور میرے گانے بالی وڈ اور ہالی وڈ کی فلموں میں شامل کر لیئے گئے‘۔

بارش میں لکھے گانے
 ’بارش میرے لیئے بہت لکی ثابت ہوئی ہے جب میں اپنا ہٹ سانگ ’لمحے‘ لکھ رہا تھا تو بارش ہورہی تھی۔ جب یہ گانا ممبئی میں ریکارڈ ہو رہا تھا تو بھی بارش ہو رہی تھی اور چند دن پہلے میں نئے البم کا گانا لکھ رہا تھا تب بھی بارش ہو رہی تھی۔ امید تو ہے کہ بارش میں لکھا گیا نیا گانا بھی ہٹ ہوگا
عاطف

’بالی وڈ کی دو فلموں’زہر‘ اور’کل یوگ‘ جبکہ ہالی وڈ کی ایک فلم’مین پش کارٹ‘ میں میرے گانے شامل کیے گئے ہیں‘۔

ایک سوال کے جواب میں عاطف نے کہا کہ ’میں کسی میوزیشن سے متاثر نہیں ہوں البتہ میرے پسندیدہ موسیقار استاد نصرت فتح علی خاں ہیں۔ میں سمجھتاہوں کہ موسیقی میں یہ بہت بڑا نام ہے۔ میں ان کے آس پاس بھی نہیں۔ میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ مجھے اتنی شہرت ملے گی۔ میں آج جس مقام پر ہوں اپنے والدین اور اپنے پرستاروں کی وجہ سے ہوں۔ جب میرے پرستار مجھ سے پیار کرتے ہیں تو میرے والدین بہت خوش ہوتے ہیں‘۔

عاطف نے کہا کہ ’بارش میرے لیئے بہت لکی ثابت ہوئی ہے جب میں اپنا ہٹ سانگ ’لمحے‘ لکھ رہا تھا تو بارش ہورہی تھی۔ جب یہ گانا ممبئی میں ریکارڈ ہو رہا تھا تو بھی بارش ہو رہی تھی اور چند دن پہلے میں نئے البم کا گانا لکھ رہا تھا تب بھی بارش ہو رہی تھی۔ امید تو ہے کہ بارش میں لکھا گیا نیا گانا بھی ہٹ ہوگا‘۔

انہوں نے کہا کہ ’میوزک میں اپنے آپ کو کسی ایک سٹائل تک محدود نہیں کروں گا۔ ویسے بھی میوزک کی کوئی سرحد نہیں ہوتی۔ میں ہر قسم کے میوزک پر طبع آزمائی کرتا ہوں۔ میں نے پنجابی میں راک سانگ بنایا ہے جو اس سے قبل کسی نے نہیں بنایا تھا۔ یہ کوئی نہیں جانتا تھا کہ میرے گانے بالی وڈ اور ہالی وڈ تک جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نئے البم کا ابھی نام نہیں سوچا تاہم یہ تقریًبا مکمل ہے اور عنقریب اسے دنیا بھر سے ریلیز کیا جائے گا‘۔

عاطف نے اشتراک کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ انہوں نے حدیقہ کیانی کے ساتھ ایک گانا کیا تھا اور مستقبل میں بالی وڈ کی ایک معروف سنگر کے ساتھ گانا گا ئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ’اب زندگی بہت مصروف ہو گئی ہے۔ فرصت کے لمحات نہیں ملتے۔ جب بھی فارغ ہوں والدین کے پاس ہوتا ہوں‘۔

شادی کے بارے میں عاطف نے بتایا کہ فی الحال ارادہ نہیں تاہم لڑکی تقریبًا فائنل ہے اور اس کا نام ’اے‘ سے شروع ہوتا ہے۔

تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد