پاکستان میں بہت پیار ملا، شلپا شیٹی | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بالی وڈ کی مشہور اداکارہ شلپا شیٹی کا کہنا ہے کہ جب وہ پاکستان کے دورے پر تھیں تو وہاں انہیں عوام سے بہت پیار ملا اور انہیں احساس ہوا کہ دراصل دونوں ملکوں کے عوام ایک دوسرے سے بہت پیار کرتے ہیں۔ بی بی سی سے خصوصی بات چیت میں شلپا نے بتایا ’پاکستان میں لوگوں کی محبت دیکھ کر میں یہ سوچنے پر مجبور ہوگئی کہ میڈیا نے مبالغہ آرائی سے کام لیا ہے جس کے سبب باہمی پیار بڑھنے کے بجائے نفرتوں میں اضافہ ہوا، لیکن حقیقت یہ ہے عوام کے دلوں میں ایک دوسرے کے لیے بغض نہیں تھا‘۔ شلپا نے کہا کہ پاکستانی شہری بالی وڈ کی فلمیں پسند کرتے ہیں اور بھارتی پاکستان کی موسیقی اور وہاں کے تہذیب و کلچر کو پسند کرتے ہیں۔ ’اگر چہ دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی تھی لیکن پھر بھی ہم ایک دوسرے کے فنون سے فائدہ اٹھاتے رہے ہیں اور یہ سلسلہ جاری رہے گا‘۔ ایک سوال کے جواب میں کہ بالی وڈ میں کئی ایسی فلمیں بھی بنتی رہی ہیں جن سے دونوں ملکوں کے درمیان نفرت پھیلی ہے تو انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ قدرے حساس ہے اور وہ اس پر زیادہ کچھ نہیں کہیں گی۔ ’میں اتنا کہنا چاہتی ہوں کہ میں وہاں سے خوشیاں لے کر واپس آئی ہوں۔ میرا دل بہت صاف ہے اور میرے پاس وہاں کی بڑی خوشگوار یادیں ہیں‘۔ شلپا شیٹی بی بی سی ٹرسٹ میں ایڈز مہم کے لیے بھی کام کرتی ہیں اور اسی سلسلے میں وہ دلی آئی ہوئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ اداکار عوام میں مقبول ہوتے ہیں اور اس حیثیت سے وہ ایڈز اور ایچ آئی وی کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کے لیے اپنے آپ کو استعمال کرنا چاہتی ہیں۔ اس سے قبل ان کی ایک فلم ’پھر ملیں گے‘ بھی ایڈز کے موضوع پر تھی۔ ایک سوال کے جواب میں شلپا نے کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ وہ اب آرٹ فلمیں ہی کرنا چاہتی ہیں لیکن یہ ضرورہے کہ اب وہ سوچ سمجھ کر فلموں کا انتخاب کررہی ہیں۔ ’ایسی فلمیں کرکے دل کو خوشی ملتی ہے لیکن میں گلیمر فلمیں بھی کررہی ہوں‘۔ شلپا کا کہنا تھا کہ بالی وڈ میں انہوں نے تقریبًا سبھی اداکاروں کے ساتھ کام کیا ہے لیکن فلم ’لال بادشاہ‘ میں امیتابھ بچن کے ساتھ کام کرنے میں انہیں بہت مزا آیا۔ ’امیتابھ کے ساتھ کام کرنے کی بڑی تمنا تھی اور جب یہ موقع ملا تو میری خوشی کا ٹھکانہ نہیں تھا‘۔ شلپا پردہ سیمیں سے کافی دنوں سے غائب ہیں لیکن ان کا کہنا ہے کہ اب ان پر اچھی فلمیں کرنے کا دباؤ ہے اس لیے سوچ سمجھ کر کام کررہی ہیں۔ ان کی جلدی ہی آنے والی فلم ’اپنے‘ تیاری کے آخری مرحلے میں ہے اورانہیں امید ہے کہ لوگوں کو فلم پسند آئے گی۔ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||