بنگلور کا ننھا ہدایتکار | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
اگرچہ کشن شری کانتھ صرف دس سال کے ہیں لیکن فلموں کے سیٹ پر وہ بہت پراعتمادی سے ہدایات دیتے نظر آتے ہیں۔ ماسٹر کشن کے نام سے مشہور یہ بچہ بھارت کے جنوبی شہر بنگلور سے تعلق رکھتا ہے اور اس کے لیے علاقائی فلم انڈسٹری نئی نہیں ہے۔ چار سال کی عمر سے ہی کشن نے فلموں میں اداکاری شروع کر دی تھی اور اب تک چوبیس فلموں اور کانڈا زبان کی ایک مشہور ڈرامہ سیریل میں سو سے زیادہ قسطوں میں کام کر چکے ہیں۔ لیکن اب ماسٹر کشن نے ہدایت کاری میں قسمت آزمانے کا فیصلہ کیا ہے اور وہ ایک فیچر فلم سی/او فٹپاتھ (C/O Footpath) یعنی کیئر آف فٹپاتھ کی ہدایات دے رہے ہیں۔ اس فلم کی کہانی لکھنے میں وہ بھی شامل ہیں۔ یہ فلم ان گلی کے لڑکوں سے متعلق ہے جن کا فٹپاتھ کے علاوہ کوئی دوسرا پتہ نہیں ہے۔ کشن شری کانتھ نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’جب میں چھ سال کا تھا تو میں نے ٹریفک سگنل پر ایک بچے کو اخبار بیچتے ہوئے دیکھ کر اپنے والد سے پوچھا کہ وہ ہماری طرح کیوں نہیں ہے۔ وہ کیوں سکول نہیں جاتے‘۔
’میرے والد نے کہا کہ ان کے والدین نہیں ہیں۔ مجھے اس کا بہت دکھ ہوا اور میں نے سوچا کہ مجھے ان کے لیے ضرور کچھ کرنا چاہیئے‘۔ ’اس کے بعد میں نے ایک کہانی لکھی اور اسے اپنے والد کو دکھایا۔ انہوں نے یہ اپنے دوستوں کو دکھائی جنہوں نے مشورہ دیا کہ چونکہ یہ کہانی میں نے خود لکھی ہے اس لیے اس پر بنائی جانے والی فلم کی ہدایات بھی میں ہی دوں‘۔ دو گھنٹے سے زیادہ طویل فلم میں بالی وڈ کے مشہور اداکار جیکی شیروف اور مزاحیہ اداکار سورو شکلا کے علاوہ ایوارڈ یافتہ کانڈا اداکارہ تارہ اداکاری کے جوہر دکھا رہی ہیں۔ جیکی شیروف نے ہندوستانی خبر رساں ایجنسی پریس ٹرسٹ آف انڈیا کو ایک انٹرویو میں بتایا کہ غیر معمولی ذہانت کے مالک (کشن) کو وہ انکار نہ کر سکے اور ان کی فلم میں کام شروع کر دیا۔ ’وہ ہر وقت اگلے شاٹ کے متعلق بات کرتا رہتا ہے، ہر وقت اسے بہتر بنانے کی جستجو میں رہتا ہے۔ اسے معلوم ہے کہ وہ اپنے اداکاروں سے کیا چاہتا ہے‘۔
فلم کی شوٹنگ پچاسی فیصد مکمل ہو چکی ہے اور اس کا بجٹ تقریباً دو لاکھ ڈالر ہے۔ کشن کہتے ہیں کہ فلموں میں مصروفیت کی بنا پر کئی مرتبہ وہ سکول نہیں جا پاتے لیکن ان کی غیر موجودگی میں ان کے دوست نوٹس بناتے ہیں اور بعد میں انہیں دے دیتے ہیں۔ کشن کے سامنے اس وقت ایک ریکارڈ ہے اور وہ ہے گینز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں سب سے زیادہ کم عمر ڈائریکٹر کے طور پر اپنا نام لکھوانا۔ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||