شائقین کے لیےمیٹھا ’زہر‘ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھٹ پروڈکشن کی ایک اور فلم ’ زہر‘ پچیس مارچ کو ریلیز ہورہی ہے۔ اس بینر کے تلے ریلیز کی گئیں سابقہ فلموں کی طرح زہر کی کہانی بھی ناجائز جنسی تعلقات پر مبنی ہے جس میں اشتہا انگیز مناظر ہیں۔ لیکن ہدایت کار کا کہنا ہے کہ فلم ’سیکس‘ پر نہیں بلکہ پیچیدہ انسانی رشتوں پر مبنی ہے۔ فلم میں ایک پاکستانی نوجوان گلوکار کی آواز نے دھوم مچا دی ہے۔ ’ زہر‘ کے افتتاح کے موقع پر دلی میں فلم کی دونوں اداکارائیں شمتا شیٹی، اودتہ گو سوامی ہیرو عمران ہاشمی، ہدایت کار موہت سوری اور میہیش بھٹ موجود تھے۔ فلم کے پرومو کے مکالمے اور جنسی مناظر دیکھ کر سب نے یہی کہا کہ بھٹ پروڈکشن کی تازہ پیش کش ’جسم‘ اور ’مرڈر‘ کی طرح ناجائز جنسی تعلقات اور شہوت پرستی پر مبنی ہے۔ لیکن نوجوان ہدایت کار موہت سوری کا کہنا تھا کا جسنی مناظر، کہانی کی مناسبت سے ہیں تاہم کہانی اور فلم کے تکنیکی تانے بانے پر فوکس زیادہ ہے۔ مسٹر سوری نے کہا ’ زہر میاں بیوی کے درمیان انا کے ٹکراؤ کی کہانی ہے۔ جدید دور میں انا انسانی رشتوں میں شگاف کا ایک بڑا سبب ہے۔ اسی کےسبب اکثر رشتے ٹوٹ جاتے ہیں۔ فلم میں اسی حقیقت کو اجاگر کرنے کی کوشش کی گئی ہے اور علامتی طور پر اسی انا کو زہر کا نام دیا گیا ہے۔‘
نوجوان ہدایت کار موہت سوری چوبیس برس کے ہیں اور زہر ان کی پہلی فلم ہے۔ زہر کے ہیرو عمران اس فلم میں ایک پولیس افسر ہیں لیکن ’مرڈر‘ اور ’تم سا نہیں دیکھا‘ ہی کی طرح ایک بار پھر سیکسی رول میں نظر آئیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنسی مناظر تو فلم میں ہوتے ہیں لیکن انکی توجہ زیادہ تر اداکاری پرہوتی۔ کردار چاہے کوئی بھی ہو۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا ’اگر میں یہ کہوں کہ بوس وکنار اور بیڈ روم کے سین کو میں اینجواۓ نہیں کرتا تو میں جھوٹ بولوں گا۔ یہ سچ ہے کہ مجھے ایسے سین میں مزا آتا ہے لیکن میڈیا اسے بڑھا چڑھا کر پیش کرتا ہے۔ میرے لیے ادکاری اہم ہے اور میں ہر رول کو لگن اور محنت سے کرتا ہوں۔‘ شلپا شیٹی کی چھوٹی بہن شمتا شیٹی عمران کی بیوی ہیں اور وہ بھی ایک پولیس افسر ہیں۔ ان کا کہنا تھا ’اس میں میراایک آزاد خیال لڑکی کا کردار ہے جس کے اپنے خواب ہیں۔ ایک نوجوان میاں بیوی جن کے درمیان انا ایک بڑا مسئلہ ہے۔ پوری فلم اسی کے ارد گرد گھومتی ہے۔‘ شمتا کی واپسی کافی دنوں بعد ہوئی ہے اور انہیں اس فلم سے کافی امیدیں وابستہ ہیں۔ خوبصورت اور خیرہ کن آنکھوں والی اودتیہ گوسوامی کا کردار اس فلم میں زیادہ نہیں ہے۔ لیکن وہ جہاں بھی ہیں سبھی کی توجہ کا مرکز ہیں۔ عمران کے جنسی تعلقات انہیں سے ہیں۔ گوسوامی کا کہنا تھا ’میں فلم میں ایک شادی شدہ عورت ہوں لیکن اس کا شوہر اس پر ظلم کرتا ہے جس کے سبب وہ دوسرے سے جنسی تعلقات قائم کرتی ہے۔ ایک ایسی خاتون جو ظلم ستم سے پریشان ہو کر غیر کی گود میں سہارا لیتی ہے۔‘ زہر فلم گو جنس کو موضوع بنایا گیا ہے لیکن مکالے اور موسیقی سننے کے لائق ہیں۔ پاکستان میں عرش موسیقی گروپ کے نوجوان گلوکار عاطف اسلم میر نے اپنی آواز کا جادو بکھیرا ہے۔ ان کا گایا ہوا گانا بھیگی بھیگی راتیں اس وقت دھوم مچارہا ہے۔ اس فلم کی خوبی یہی ہے کہ اس کے گلو کار اور ہدایت کار دونوں ہی کم عمر ہیں لیکن بقول مہیش بھٹ دونوں ہی میں بلا کی صلاحیت ہے۔ مہیش بھٹ کا کہنا تھا کہ موجودہ زمانے میں ’اسٹیمی‘ فلمیں اچھا بزنیس کرتی ہیں اور زہر بھی مارکیٹ میں اچھا کریگی۔ لیکن یہ تو وقت بتائے گا کہ ناظرین کو یہ زہر کتنا میٹھا لگتا ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||