سپیلبرگ کی جانب سے امداد کا اعلان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ہالی وڈ کے فلم ڈائریکٹر سٹیون سپیلبرگ سونامی کے متاثرین کے لیے ڈیڑھ ملین ڈالر کی امداد دیں گے۔ یہ عطیہ ابتدائی طور پر تین مختلف امدادی اداروں ’سیو دی چلڈرن‘ ’کیئر‘ اور ’آکسفیم‘ کے پاس جائے گا جو جنوبی ایشیا میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ سپیلبرگ کے ترجمان نے کہا ہے کہ اگرچہ سپیلبرگ عموماً اس طرح کے عطیات کو خفیہ رکھتے ہیں تاہم اس دفعہ انہوں نے یہ اعلان اس لیے کیا ہے تاکہ امداد دینے کے لیے دیگر افراد کی حوصلہ افزائی ہو۔ گلوکار ولی نیلسن امداد جمع کرنے کے لیے اتوار کو ایک کنسرٹ کریں گے جس میں دیگر فنکار بھی شریک ہوں گے۔ کنسرٹ کے ٹکٹوں کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم ریڈ کراس، یونیسف اور ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈرز کے درمیان تقسیم ہوگی جو اسے متاثرین تک پہنچائیں گے۔ اداکارہ سانڈرا بُل اوک پہلےہی متاثرین کے لیے ایک ملین ڈالر امداد کا اعلان کرچکی ہیں جبکہ اداکار لیونارڈو ڈی کیپریو نے بھی یونیسف کو ’خطیر رقم‘ بطور عطیہ دی ہے۔ دریں اثناء بالی وڈ نے بھی امداد جمع کرنے کے لیے کوششیں تیز کردی ہیں۔ شاہ رخ خان اور دیگر فنکاروں نے سونامی سے متاثرہ بچوں کے لیے کروڑوں روپے کا عطیہ دیا ہے۔ سابق مس انڈیا پونم ڈھلون متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گی۔ وہ اداکار ویوک اوبرائے کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ایک پورے گاؤں کی سرپرستی کا ذمہ لینا چاہتی ہیں۔ دنیا بھر میں عطیہ جمع کرنے کے لیے خصوصی فون لائنز اور ٹی وی شوز کا اہتمام کیا گیا ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||