کرسٹوفر ریو: ایک حقیقی سپرمین | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
سپر مین کا کردار ادا کرنے والے ہالی وڈ کے مشہور اداکار کرسٹوفر ریو اتوار کو نیو یارک میں انتقال کر گئے۔ ان کی عمر باون سال تھی۔ کرسٹوفر ریو کے بارے میں لوگوں کا خیال تھا کہ انہوں نے صرف سپر مین کا کردار ہی ادا نہیں کیا بلکہ حقیقت میں وہ سپر مین تھے کیونکہ 1995 میں گھوڑ سواری کے ایک حادثے میں گردن کے نیچے سے معذور ہو جانے کے باوجود انہوں نے ہمت نہ ہاری اور فالج کے علاج کی دریافت کی کوششوں میں ایک بڑے علمبردار کے طور پر سامنے آئے۔ کرسٹوفر ریو کو لوگ ان کے مافوق البشر کردار سپرمین کے لیے یاد رکھیں گے۔ چھ فٹ چار انچ کے لمبے چوڑے کرسٹوفر ریو 1978 میں اپنے اس کردار کی وجہ سے پہلی دفعہ عالمی سطح پر مشہور ہوئے۔ سپر مین مافوق الفطرت صلاحیتوں کا حامل تھا۔ وہ ہوا میں اڑ سکتا تھا ۔ وہ دنیا سے جرائم کے خاتمے اور مصیبت میں پھنسے انسانوں کی مدد کا کام کرتا تھا۔ ان کی فلم سپرمین اتنی مقبول ہوئی کہ اس کی تین مزید قسطیں بنائی گئیں۔ اور کرسٹوفر ریو کے مطابق یہ فلم آج بھی کسی طرح کم نہیں۔ کرسٹوفر ریو نے کورنیل یونیورسٹی سے انگریزی اور موسیقی کی تعلیم حاصل کی اور نیو یارک کے اعلی درجے کے تعلیمی ادارے جولیارڈ سکول سے فن ڈرامہ میں تربیت پائی۔ لیکن ان کی زندگی اور فلمی کیرئیر 1995 میں اس وقت تباہ ہو گیا جب وہ گھوڑسواری کے ایک حادثے کا شکار ہوئے۔ ان کی چوٹ اتنی شدید تھی کہ تین منٹ تک ان کی سانس بند رہی۔ ان کے سر کو دوبارہ ریڑھ کی ہڈی سے جوڑنا پڑا۔ نتیجہ یہ تھا کہ گردن کے نیچے ان کا تمام جسم مفلوج ہو گیا۔ حادثے کے بعد ڈاکٹروں نے کرسٹوفر ریو کو بتایا کہ وہ کبھی بھی گردن سے نیچے حرکت نہ کر سکیں گے۔ لیکن انہوں نے کبھی ہمت نہ ہاری اور بارہا ڈاکٹروں کو غلط ثابت کیا۔ سن 2003 میں ایک آپریشن کے بعد وہ کئی کئی گھنٹے مشین کے بغیر سانس لینے کے قابل ہو گئے اور پھر ورزش سے انہوں نے اپنے اور کئی اعضاء کو حرکت کے قابل بنا لیا۔ اس حادثے کے بعد کرسٹوفر ریو نے چلنے پھرنے سے معذور ہونے کے باوجود امریکہ کے طول و عرض میں سفر کر کے مفلوج افراد کے علاج کے لیے رقوم جمع کیں اور اس کے علاج کے لیے طبی تحقیق کے ایک بڑے علمبردار بن گئے۔ اس سلسلے میں ایک متنازعہ تحقیق بنیادی خلیوں پر ہونے والی تحقیق یا stem cell research ہے۔ سائنسدانوں کا خیال ہے کہ بنیادی خلیوں کی تحقیق سے بہت سی بیماریوں کا علاج ممکن ہے۔ سٹیم سیل یا بنیادی خلیے چونکہ جنین یا ایمبریو سے نکالے جاتے ہیں جو کہ رحم مادر میں حیات کی وہ ابتدائی شکل ہے جو آگے چل کر پورے انسان میں تبدیل ہو جاتی ہے اس لیے مخالفین اس عمل کو ایک ذی حیات شے کا خاتمہ اور قتل انسانی کے مماثل قرار دیتے ہیں۔ یہ معاملہ اس قدر اہم ہے کہ امریکی صدارتی انتخابات میں بھی اسے اٹھایا جا رہا ہے۔ صدر بش نے اس تحقیق کے لیے نئے خلیے حاصل کرنے پر پابندی لگا رکھی ہے۔ ان کے مخالف امیدوار جان کیری نے مسٹر ریو کا حوالہ دیتے ہوئے صدر بش کی اس پالیسی پر تنقید بھی کی ہے۔ کرسٹوفر ریو نے 1996 میں کرسٹوفر ریو پیرالیسز فاؤنڈیشن شروع کی جس نے ریڑھ کی ہڈی کے امراض کے علاج کے لیے رقوم جمع کر کے دنیابھر میں سائنسدانوں کو تحقیق کے لیے لاکھوں ڈالر کے وظائف دیے ہیں۔ اس تحقیق کے نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ اسی سال فلوریڈا میں سائنسدانوں نے اعلان کیا تھا کہ وہ تجربوں کے دوران نرو فائبر پیدا کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ جس سے ریڑھ کی ہڈی کے علاج میں مدد مل سکتی ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||