خواتین کا پشتو لوگ گیت | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
صوبہ سرحد میں عورتوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے کام کرنے والی ایک تنظیم نے خواتین کے مسائل کے بارے میں آگہی پھیلانے کی غرض سے ایک پشتو لوک گیت تیار کیا ہے۔ بی بی شیرینے نامی اس گیت میں دیہات کی خواتین کی سخت زندگی پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ پشتو کے معروف گلوکار گلزار عالم کی آواز میں اس گیت کے آغاز میں شاعر دیہات میں رہنے والی بی بی شیرینے نامی عورت کو کہتا ہے کہ اٹھو صبح آذان کے وقت سے گھر کے تمام کام ادھورے پڑے ہیں۔ اس مشہور لوک گیت کو عورت فاؤنڈیشن نے نئی شاعری کے ساتھ نئے رنگ میں ایک نئے مقصد کے لئے چنا ہے۔ اور وہ مقصد ہے دیہی خواتین کی مشکلات سے بھری زندگی جس میں وہ دن بھر مزدوروں کی طرح کام کرتی ہے، پر روشنی ڈالنا جس کے صلے میں اسے نہ تو کوئی معاوضہ ملتا ہے بلکہ اس کے جائیداد اور دیگر حقوق بھی چھین لیے جاتے ہیں۔
اس گیت کو تیار کرنے والی ثمر منل اللہ ہیں جو اس سے قبل سورا جیسی پشتون معاشرے میں موجود ایک روایت پر بھی دستاویزی فلم تیار کر چکی ہیں۔ ان کے اس گیت کو ازسر نو تیار کرنے کی وجہ پوچھی تو ثمر منل اللہ نے بتایا کے اس کے پیچھے بنیادی سوچ دیہی خواتین کی گلیمر سے خالی زندگی پر روشنی ڈالنا ہے، اس کی قدر کرنا ہے۔ اس گیت کے بول لکھے ہیں ایک عورت نے اور شاید اسی وجہ سے وہ ان کے جذبات کی بھر پور عکاسی کرتے ہیں۔ پشتو کی مشہور مصنفہ زیتون بانو سے یہ گیت لکھنے میں کیا مشکل پیش آئی؟ پوچھا تو ان کا کہنا تھا کہ وہ خود ایک عورت ہیں۔ ساری عمر انہوں نے عورتوں کے حقوق کے لئے لکھا ہے اب ان کی خواہش ہے کہ اس معاشرے میں عورت کو ایک انسان سمجھ کر اسے جو اسلام نے حقوق دیے ہیں اس معاشرے نے وہ حق صلب کرنے کی صدیوں سے کوشش کی ہے اسے روکنے کی کوشش کریں۔ وہ کہتی ہیں: ’میرا لکھا پشتون عورتیں نہیں پڑ سکتیں تو میں مردوں کو ذہن میں رکھ کر لکھتی ہوں تاکہ انہیں معلوم ہو کہ عورت کیا چیز ہے۔‘ ’زمین جائیداد تو بھائی کے لئے چھوڑ دی اب تمہارے خالی ہاتھوں میں کیا بچا ہے‘ جیسے مصروں سے یہ گیت بھرا پڑا ہے۔ اس گیت کو گانے والے گلزار عالم کا کہنا تھا کہ انہیں یہ گیت گا کر خوشی ہوئی ہے اور وہ اس مقصد کے حصول کے لئے حاضر ہیں۔ عورت فاؤنڈیشن آگہی کی اس مہم میں رکشوں اور ٹرکوں پر تصاویر اور اشتہارات کے ذریعے بھی اپنا پیغام پیلانے کی کوشش کر رہی ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||