’میں تیرا شہر چھوڑ جاؤں گا‘ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
انیس سو سڑسٹھ میں جب فلم’ چکوری‘ منظرِ عام پر آئی تو اس فلم میں گائے گئے ایک گیت نےفلم بینوں کو بہت متاثر کیا۔ وہ گیت تھا ’وہ میرے سامنے تصویر بنے بیٹھے ہیں‘ اور اس گیت کو گایا تھا مجیب عالم نے۔ اس کے بعد مجیب پاکستانی موسیقی کے افق پر چھاتے چلے گئے اور انہوں نے کئی یادگار گیت ریکارڈ کرائے۔ جب مجیب فلمی نغمے گانے لگے اس وقت احمد رشدی جیسے پائے کے گلوکار پہلے ہی وہاں موجود تھے۔ تاہم مجیب عالم نے نہ صرف اپنی جگہ بنائی بلکہ جلد ہی ان کا شمار صفِ اول کے گلوکاروں میں ہونے لگا۔ ان کے مشہور گیتوں میں ’یوں کھو گئے تیرے پیار میں ہم‘، ’میں تیرے اجنبی شہر میں‘ اور ’یہ سماں پیار کا کارواں‘ جیسے گیت شامل ہیں۔ انہوں نے پاکستان ٹی وی کے لئے بہت کام کیا۔ ستر کی دہائی میں جب پاکستان میں بھارتی گانے مشہور ہونا شروع ہوئے تو مجیب کے گیتوں نے شائقین میں پاکستانی گانوں کی مقبولیت کو برقرار رکھا۔ پی ٹی وی کے لیے ان کا گیت ’میرا ہر گیت ہے ہنستے چہروں کے نام‘ بہت مقبول ہوا۔ موسیقار ارشد محمود نے مجیب عالم کے بارے میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک منجھے ہوئے گلوکار تھے جو غزل کے علاوہ مختلف طرح کے گیت بہت مہارت سے گاتے تھے۔ مجیب کے فلموں سے دور ہونے کی وجہ بیان کرتے ہوے ارشد محمود نے کہا کہ اسی کی دہائی میں جب زیادہ تر پنجابی فلمیں بننے لگیں تو مجیب کو کام ملنا کافی کم ہو گیا۔ ’اس کی وجہ یہ تھی کہ پنجابی فلموں میں زیادہ تر گانے ہیروئنوں پر فلمائے جاتے تھے۔‘ انہوں نے کہا کہ مجیب کی مہارت میں کوئی کمی نہیں ہوئی تھی بلکہ حالات ہی ایسے ہو گئے تھے کہ انہیں کنارہ کشی اختیار کرنا پڑی۔ موسیقار نثار بزمی نے بھی مجیب عالم کے بارے میں کہا کہ وہ نہ صرف بہت اچھے اور ماہر گلوکار تھے بلکہ نہایت شریف النفس انسان بھی تھے۔ نثار بزمی نے کہا کہ پاکستانی موسیقی کی تاریخ مجیب عالم کے بغیر نامکمل ہے۔ نثار بزمی کے مطابق مجیب عالم کی آواز کا جو معیار تھا وہ بہت کم گلوکاروں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’مجیب مشکل گانے بھی آسانی اور روانی سے گایا کرتے تھے‘۔ مجیب عالم کی خوبصورت آواز اب ہم میں نہیں ہے۔ مگر وہ اپنے خوبصورت گیتوں کی بدولت ہمیشہ زندہ رہیں۔ ان کے مشہور گیت کے بول تھے ’میں تیرا شہر چھوڑ جاؤں گا‘ اور اب وہ ہمیشہ کے لئے دنیا کا یہ ’شہر‘ چھوڑ چکے ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||