بش پر تنقیدی فلم برطانیہ میں | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
مشہور امریکی فلم ڈائریکٹر مائیکل موُر کی فلم ’فارن ہائیٹ نائن ون ون‘ جس کی ریلیز کو امریکہ میں ڈزنی کمپنی نے روک دیا ہے، اب برطانیہ میں دکھائی جائے گی۔ اس فلم میں امریکی صدر بش کے سعودی عرب کے خاندانوں کے ساتھ تعلقات جن میں اسامہ بن لادن کا خاندان بھی شامل ہے، کو ظاہر کیا گیا ہے اور گیارہ ستمبر سے پہلے اور بعد میں صدر بش کے کردار پر کڑی نکتہ چینی کی گئی ہے۔ امریکہ میں ڈزنی کی طرف سے اس کی ریلیز روک دئے جانے کے بعد اب برطانیہ کی اوپٹیمم ریلیزنگ کمپنی اس موسم گرما میں یہ فلم برطانیہ میں دکھائے گی۔ اوپٹیمم ریلیزنگ کا کہنا ہے کہ’ہمارے خیال میں آرٹسٹ کو یہ حق حاصل ہونا چاہیئے کہ وہ اپنے فن کا آزادی سے اظہار کر سکے۔‘ امریکہ میں ڈزنی کمپنی نے اس فلم کی ریلیز کو روکنے کے بعد مائیکل موُر پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ پبلسٹی کی خاطر اس کی ریلیز سے متعلق ایک تنازعہ کھڑا کررہے ہیں۔ مائرامیکس جو ہالی وڈ کے مشہور مالکان ہاروی اور باب وینسٹائن کی کمپنی ہے، یہ فلم ریلیز کرنے کے لئے تیار تھی لیکن ڈزنی نے اسے ایسا کرنے سے روک دیا۔ ڈزنی نے دس سال پہلے مائرامیکس کو خرید لیا تھا اور اس کی طرف سے ریلیز ہونے والی فلموں کو روکنے کا اختیار بھی اپنے پاس رکھ لیا تھا۔ لیکن نیو یارک ٹائمز کے مطابق مائرامیکس کا خیال ہے کہ اس معاملے میں ڈزنی کو یہ اختیار استعمال نہیں کرنا چاہئیے۔ مائیکل مُور کا کہنا ہے کہ ’ایک سال کی جد وجہد سے انہوں نے یہ سبق سیکھا ہے کہ اس ملک میں ایسی آرٹ تخلیق کرنا کتنا مشکل ہے جو صاحب اقتدار لوگوں کو پسند نہ ہو۔ کچھ لوگوں کو اس فلم سے بہت خوف ہوگا لیکن اب وہ کچھ نہیں کرسکتے کیونکہ اب یہ فلم بن چکی ہے اور یہ ایک شاندار فلم ہے اور موسم گرما میں لوگ اسے دیکھیں گے۔‘ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||