پاواروتی کا آخری ایکٹ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
اوپرا کی دنیا کی عظیم ہستی، لُوچیانو پاواروتی نے سنیچر کو نیو یارک کے جانے مانے میٹروپولیٹن اوپرا ہاؤس میں اپنی آخری سٹیج پرفارمنس دی۔ اداکاری اور گلوکاری کے امتزاج سے بننے والی اس صنف میں، جسے اوپرا کہا جاتا ہے، پاواروتی نے اپنا پہلا بڑا قدم اسی میٹروپولیٹن تھیٹر میں سن اڑسٹھ میں رکھا تھا۔ تیس برس سے زیادہ کے اس عرصے میں وہ صرف اسی سٹیج پر تین سو تہتر دفعہ اپنے فن کا مظاہرہ کر چکے ہیں اور لاکھوں شائقین کو اپنی گائیکی سے مسحور کر چکے ہیں۔ لیکن خرابئ صحت کے باعث انہیں حالیہ برسوں میں کئی شو منسوخ کرنے پڑے اور اسی بنیاد پر وہ اوپرا سے بھی ریٹائر ہو رہے ہیں۔ اکتوبر سن دو ہزار پانچ میں وہ ستر سال کے ہو جائیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ آئیندہ مہینوں میں عالمی دورہ کریں گے اور اس کے بعد موسیقی کی تعلیم دینے کے علاوہ اپنا زیادہ وقت اپنی بیوی اور بیٹی کے ساتھ گذاریں گے۔
میٹروپولیٹن اوپرا ہاؤس کے ساتھ اپنے خصوصی تعلق کی بنا پر پاواروتی کے لئے اپنے کیرئر کا اختتامی ایکٹ یہیں پر کرنا یقیناً اہم تھا اور چار ہزار کے قریب شائقین نے اپنی نشستوں سے اٹھ کر انہیں بے تحاشا داد بھی دی لیکن نقاد ان کی گائیکی کے حالیہ نمونوں سے قطعاً متاثر نہیں ہوئے۔ بیشتر نقاد سمجھتے ہیں کہ پاواروتی اپنے فن کی چوٹی سے کب کے گذر چکے ہیں اور آگے بس اترائی ہی ہے۔ پچھلے دو تین سالوں سے وہ ریٹائرمنٹ کی باتیں اور کوششیں بھی کر رہے تھے، جن کے بارے میں نیو یارک ٹائمز نے کہا: ’یہ باہر جانے کا لمبا اور تھکا دینے والا راستہ ہے’۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||