| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
عوام پُرامن رہیں: خاتمی کی اپیل
ایران کے صدر محمد خاتمی نے ملک میں بڑھتی ہوئی بے چینی کے پیشِ نظر لوگوںں سے پُر سکون رہنے کی اپیل کی ہے جو آئندہ ماہ ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں حصہ لینے والے تقریباً دو ہزار اصلاح پسندوں کو نا اہل قرار دیئے جانے سے پیدا ہوئی ہے۔ اس پابندی کی زد میں پارلیمان کے ستر سے زیادہ موجودہ اراکین بھی آ سکتے ہیں جو ملک کے انتہائی طاقتور ادارے شوریٰ نگہبان کی جانب سے عائد کی گئی ہے۔ شوریٰ میں قدامت پرستوں کا تسلط ہے۔ پابندیوں کے خلاف ملک میں صوبائی گورنروں نے مستعفی ہونے کی دھمکی دی ہے۔ جن امیدواروں کو نا اہل قرار دیا گیا ہے ان میں صدر محمد خاتمی کے بھائی بھی شامل ہیں۔ صدر خاتمی نے اس صورتِ حال پر اپنے ردِ عمل میں کہا ہے کہ یہ نا اہلیاں اسلامی جمہوریت سے مطابقت نہیں رکھتیں۔ خیال ہے کہ صدر خاتمی رہبرِ اعلٰی آیت اللہ علی خامنہ ای اور پارلیمان کے سپیکر مہدی کروبی سے اس بحران کو ٹالنے کے لئے مذاکرات کرنے والے ہیں۔ صدر خاتمی نے کہا کہ ملک میں کسی قسم کی کوئی دھڑے بازی نہیں ہونی چاہیے۔ ’کسی دھڑے کو یہ نہیں سمجھنا چاہیے کہ اسے کسی معاملے میں زیادہ حق پہنچتا ہے۔‘ انہوں نے کہا کہ کسی کو محض اپنی فتح کے لئے دوسرے کا قلع قمع نہیں کرنا چاہیے۔ ’ہمیں قانون کے دائرہِ کار میں رہ کر عمل کرنا چاہیے اور عوام کو اپنے ووٹ کے استعمال کا بھر پور حق دینا چاہیے اور یہ کہ عوام کو اپنے نمائندوں کے انتخاب کا اختیار ہونا چاہیے۔‘ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||