| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
سلمان رشدی ممبئی میں
بھارتی نژاد برطانوی ناول نگار سلمان رشدی سولہ سال بعد ممبئی گئے ہیں۔ وہ اسی شہر میں پیدا ہوئے تھے۔ سلمان رشدی اپنے اس دورے کو خالص ذاتی نوعیت کا قرار دیتے ہیں۔ وہ دہلی، راجستھان اور چنئی میں وقت گزاریں گے۔ ان کی آمد کا انکشاف اس وقت ہوا جب انہیں ایک روزنامے کو انٹرویو دینے پر آمادہ ہونا پڑا۔ انہوں نے اپنے انٹرویو میں کہا ہے کہ ’میں اپنی گرل فرینڈ پدما لکشمی کے ساتھ ایک بوائے فرینڈ کے طور پر آیا ہوں‘۔ ایک متنازعہ کتاب ’سیٹینک ورسز‘ لکھنے کے بعد ان کے خلاف ممبئی میں پرتشدد ہنگامے ہوئے جن میں کئی لوگ مارے گئے تھے۔ اس کے بعد سے وہ ممبئی نہیں گئے تھے۔ بعد میں ایرانی رہنما آیت اللہ خومینی نے ان پر ارتکاب کفر اور توہین رسالت کا فتوٰی لگایا اور انہیں واجب القتل قرار دیدیا تھا۔ جس کے بعد کافی عرصے تک کسی ممکنہ حملے کے خدشہ کہ پیش نظر وہ عوامی اجتماعات سے دور رہے اور حکومت برطانیہ نے ان کی حفاظت کے خصوصی انتظامات بھی کئے تھے۔ انٹرویو کے دوران ان سے شیطانی آیات کے بارے میں بھی سوال پوچھے گئے لیکن انہوں اس پر بات کرنے سے انکار کر دیا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||