| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
اُرملا نے پاکستان کا بارڈر پار کر لیا
بھارت کی مشہور فلم اداکارہ اُرملا منگل کوایک دستاویزی فلم کی شوٹنگ کے سلسلہ میں لاہور پہنچ گئیں۔ دوپہر گیارہ بجے کے قریب ارملا واہگہ سرحد کے ذریعے لاہور آئیں تو پاکستانی اداکارہ ریشم نے ان کا استقبال کیا جہاں ان دونوں اداکاراؤں نے فلم کے ایک شاٹ کو عکس بند کروایا جس میں دونوں ایک دوسرے سے گلے ملیں۔ اس کے بعد ارملا ایک مقامی ہوٹل چلی گئیں۔ وہ تین دن تک پاکستان میں اس فلم کی عکس بندی میں حصہ لیں گی۔ ارملا ایک دستاویزی فلم موونگ کلر کی شوٹنگ میں حصہ لیں گی جسے اقوام متحدہ کے تعاون سے سارک کانفرنس کے حوالے سے بنایا جارہا ہے اور اس کا مقصد جنوب ایشیائی ملکوں کے درمیان خیر سگالی کو فروغ دینا ہے۔
ارملا کے ہمراہ اس فلم میں اداکارہ ریشم، شامل خان وغیرہ کام کررہے ہیں۔ فلم میں فیوژن گروپ کا گانا ’دیوانے‘ شامل ہے۔ اس فلم کے پروڈیوسر ہما اور فاروق ہیں جن کا تعلق اسلام آباد سے ہے۔ فلم کے کوریو گرافر بالی ووڈ سے آۓ ہیں جبکہ اس کے ڈریس لاہور کی ڈیزائنر بی جی نے ڈیزائن کیے ہیں۔ ارملا نے واہگہ پر صحافیوں سے بات کرتے ہوۓ کہا کہ انہیں پاکستان آکر بہت ’بڑھیا‘ لگ رہا ہے کیونکہ اس سے پہلے ایک بار تو وہ بارڈر تک ہی آسکیں تھیں اور اس بار انہوں نے بارڈر پار کر لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ یہاں پہنچ کر بہت پرجوش اور بے تاب ہیں اور خوشی محسوس کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ لاہور دیکھنے کے لیے بہت بے چین ہیں کہ انہوں نے لاہور اور اس کے کلچر کے بارے میں بہت کچھ سن رکھا ہے۔ ارملا نے کہا کہ انہوں نے آج تک کسی ایسی فلم میں کام نہیں کیا جو پاکستان کے خلاف بنائی گئی ہو۔ انھوں نے کہاکہ اگر انہیں پاکستان کی کسی فلم میں کام کرنے کی پیشکش ہوئی تو وہ اسے قبول کرلیں گی۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||