| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
مس آئرلینڈ حسینہ عالم منتخب
آئرلینڈ سے تعلق رکھنے والی روسانہ دیویسن نے چین میں ہونے والا عالمی مقابلہ حسن جیت لیا ہے۔ وہ آئرلینڈ سے تعلق رکھنے والی پہلی خاتون ہیں جو حسینہ عالم قرار پائی ہیں۔ چین کے جزیرے حینان میں ہونے والی مقابلہ حسن کو دنیا بھر میں کروڑوں لوگوں نے دیکھا۔ گزشتہ سال ہونے والے مقابلہ حسن کو اس وقت ایک متنازعہ حیثیت حاصل ہو گئی تھی جب میزبان ملک نائجیریا میں فسادات پھوٹ پڑے تھے اور فسادات کی وجہ سے مقابلے کو نائجیریا سے لندن منتقل کر دیا گیا تھا۔
اس سال مقابلہ حسن کی فاتح مس ڈیویسن راک سنگر کرس دی برغ کی صاحبزادی اور آئرلینڈ کی دارالحکومت ڈبلن میں یونیورسٹی کی طالبہ ہیں۔ مس کینیڈا نازنین افشین جام نے دوسری جبکہ میزبان ملک چین سے تعلق رکھنے والی گیان چی نے مقابلے میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔ مقابلے میں حصہ لینے والی ایک سو چھ حسیناؤں کو چکا چوند روشنیوں میں ججوں اور کیمروں کے سامنے سے گزارا گیا۔ چین کے جزیرے حینان میں مقابلہ کے لئے خصوصی طور پر ایک کروڑ بیس لاکھ ڈالر کی لاگت سے ایک کمپلکس تعمیر کرایا گیا تھا جبکہ شہر کی تزئین و آرائش پر تین کروڑ ڈالر کی خطیر رقم خرچ کی گئی۔ اس سال ججوں کے پینل میں ہالی وڈ کے اداکار اور مارشل آرٹس کے اسٹار جیکی چن اور سن دو ہزار ایک کی حسینہ عالم اگبانی ڈاریگو شامل تھیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||