| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
چین میں آج عالمی مقابلۂ حسن ہوگا
چین میں ’مس ورلڈ‘ کے اعزاز کے لئے مقابلۂ حسن کی تیاریاں ہو رہی ہیں اور چوّن سال میں یہ پہلی مرتبہ ہو رہا ہے کہ چین کسی ایسے مقابلے کی میزبانی کر رہا ہو۔ منتظمین کو توقع ہے کہ حینان کے جزیرے میں ہونے والے حسن کے اس مقابلے کو تقریباً دو ارب افراد دیکھیں گے۔ حال ہی میں چین میں اس قسم کے مقابلوں پر عائد پابندی ختم کی گئی ہے۔ ہفتے کو ہونے والے اس مقابلۂ حسن کے لئے اس مقام کو کثیر رقم خرچ کر کے سجایا گیا ہے جہاں شرکاء اور مہمان جمع ہوں گے۔ پچھلے سال یہ مقابلہ نائجیریا میں ہونا تھا لیکن ایک تنازعے کے باعث وہاں خونی فسادات ہوگئے جس میں دو سو افراد مارے گئے تھے۔ فسادات اس وقت شروع ہوئے تھے جب مسلمانوں نے شمالی نائجیریا میں عیسائیوں پر ایک مقامی اخبار کی اشتعال انگیز رپورٹ کے بعد حملہ کر دیا تھا۔ گزشتہ چند دنوں کے دوران ایک سو چھ ممالک سے آئی ہوئی خوبصورت لڑکیاں کیمروں کے سامنے چین کے تاریخی مقامات اور دلکش جگہوں پرآ جا رہی ہیں۔
حسن کی ان دیویوں نے فر والے کوٹ پہن کر دیوارِ چین دیکھی جس پر برف پڑی ہوئی تھی اور جزیرۂ حینان میں جسے چین کا حوائی بھی کہا جاتا ہے، تیراکی کی۔ مقابلۂ حسن ہفتے کو گرینچ کے معیاری وقت کے وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے شروع ہوگا۔ یہ مقابلہ پہلی بار چین کے سرکاری ٹیلی وژن پر بھی دکھایا جائے گا۔ اس مقابلے کے لئے بارہ ملین ڈالر کی لاگت سے ایک خصوصی کمپلیکس تیار کیا گیا ہے۔ ججوں میں مارشل آرٹس کے لئے مشہور ہالی وڈ کے اداکار جیکی چین اور دو ہزار ایک میں مس ورلڈ کا اعزاز حاصل کرنے والی نائجیریا کی اگبانی داریگو شامل ہیں۔ انیس سو اننچاس میں کمیونسٹ انقلاب کے بعد حکام نے اس طرح کے مقابلوں کو یہ کہہ کر بند کر دیا تھا کہ یہ محض استحصال ہے۔ تاہم معاشی ترقی اور معاشرے پر گزشتہ چند سال میں کنٹرول نسبتاً کم ہونے کی وجہ سے اب چین میں شاہراؤں پر کیٹ واک بھی ہوتی ہے اور مغربی ڈیزائنروں کے اشتہار بھی ہر جگہ نظر آتے ہیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||