| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
انسدادِ ایڈز کے لیے موسیقی
بیاونس نولز اور بونو نے جنوبی افریقہ کے شہر کیپ ٹاؤن کے سٹیڈیم میں ایڈز اور ایچ آئی وی سے آگاہی سے متعلق کنسرٹ میں اکٹھے گیت کر نیلسن منڈیلا کے منعقد کردہ ایڈز شو کا آغاز کیا ہے۔ راک اینڈ پاپ کی دنیا کے بیس بڑے ستارے اس کنسرٹ میں اپنے فن کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ بونو نے کہا ہے کہ ان کے بیاونس کے ساتھ گائے گیت میں کلیساؤں کو کہا گیا تھا کہ ’اپنے دروازے کھول دیں، اور اسے (مسئلے کو) پناہ دے کر ایچ آئی وی کے ساتھ لگا تعصب ختم کر دیں۔‘ اس کے بعد وہ نیلسن منڈیلا کو سٹیج پر اپنے ساتھ لے کر آئے اور تماشائیوں سے بھرپور داد وصول کی۔ پچاسی سالہ نیلسن منڈیلا نے، جو اپنی بیوی گریکا میکل اور امریکی ٹی وی کی میزبان اوپرا وِنفری کے ساتھ شو دیکھ رہے ہیں، کہا ہے کہ ایڈز اپارتھیڈ (نسلی علیحدگی) سے بھی بڑا چیلنج ہے۔ توقع ہے کہ جنوبی افریقہ کے سابق صدر نیلسن مینڈیلا کے ایڈز کے اس پروگرام کو جس کا نام 46664 ہے انٹرنیٹ اور ٹیلی وژن کے ذریعے فن کے اس مظاہرے کو دو ارب سے زیادہ افراد دیکھیں گے۔
موسیقی کے اس پروگرام میں کوین، بونو، مس ڈائینامائٹ اور بیاونس گیت گائیں گے اور ہر ستارے کا گایا ہوا گانا ایک چھوٹی سے رقم کے عوض کمپیوٹر پر ڈاؤن لوڈ کیا جا سکے گا۔ اس پروگرام میں ایک خصوصی نغمہ یعنی 46664 (لانگ واک ٹو فریڈیم) بھی شامل ہوگا۔ موسیقی کی اس محفل کا نام 46664 رابن کے جزیرے میں نیلسن مینڈیلا کے جیل خانے کے نمبر پر رکھا گیا ہے۔ نیلسن مینڈیلا کا کہنا ہے کہ انہوں نے پروگرام کو نام کی بجائے نمبر اس لئے دیا ہے تا کہ لوگوں کو معلوم ہو سکے کہ ایڈز سے متاثر افراد کی مدد صرف یہ نہیں ہے کہ ان کی تعداد بتا دی جائے۔ ایڈز پر ہونے والے اس پروگرام کی نوعیت انیس سو پچاسی میں ہونے والے اس پروگرام جیسی ہے جس کے ذریعے ایتھوپیا اور سوڈان کا قحط دنیا کے سامنے لایا گیا تھا۔ خیال ہے کہ پروگرام 46664اس سے پہلے ہونے والے اس طرح کے تمام پروگراموں کے ریکارڈ توڑ دے گا کیونکہ اس میں لوگوں کی بڑی تعداد میں آن لائن بھی شرکت کرے گی۔ ایڈز سے آگاہی پیدا کرنے کی اس مہم میں ٹیلی فون کے ذریعے بھی عطیات دیے جا سکیں گے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||