BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Saturday, 08 November, 2003, 12:40 GMT 17:40 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
پی ٹی وی پر دو نئے ڈرامے

ڈرامہ سیریل ایئرپورٹ
ڈرامے کی نوے فیصد ریکارڈنگ لاہور ایئرپورٹ میں کی گئی ہے

گزشتہ روز پی ٹی وی لاہور نے ایک پریس شو منعقد کیا جس میں دو نئے ڈراموں کے آغاز کا اعلان کیا گیا۔

نئے ڈراموں میں پروڈیوسر طارق جمیل اور مصنف منشا یاد کا ’پورے چاند کی رات‘ اور پروڈیوسر شاہد ندیم کا ’ایئرپورٹ‘ شامل ہے۔

’پورے چاند کی رات‘ کی پہلی قسط آٹھ نومبر کو نشر کی جائے جبکہ ’ایئرپورٹ‘ کا آغاز چھبیس نومبر کو ہو گا۔

’پورے چاند کی رات‘ کی کہانی دیہی اور شہری زندگی کے باہمی تعلق کا احاطہ کرتی ہے۔ ملکی آبادی کا بیشتر حصہ ابھی تک دیہات میں آباد ہے لیکن وہاں پر انسانی وسائل کی ترقی اور بنیادی شہری ضروریات کی فراہمی کا کوئی تصور نہیں ہے۔

عثمان پیرزادہ
عثمان پیرزادہ ڈرامے میں سرکاری افسر کا کردار ادا کر رہے ہیں

یہی وجہ ہے کہ دیہی آبادی روز بروز شہروں کی طرف نقل مکانی کر رہی ہے اور اس وجہ سےشہر بھی مسائل سے دوچار ہیں۔

اس ڈرامے کی کاسٹ میں نعمان مسعود، وجیہہ طاہر، جمیل فخری، مسعود اختر، نثار قادری اور کیریکٹر ایکٹر حبیب قابل ذکر ہیں۔ اس سے پہلے پروڈیوسر طارق جمیل اور مصنف منشا یاد کی ٹیم ’راہیں‘ جیسی کامیاب اور بامقصد سیریل پیش کر چکی ہے۔

نومبر میں شروع ہونے والی دوسری ڈرامہ سیریز ’ایئرپورٹ‘ کے مصنف اور پروڈیوسر شاہد ندیم کانام کسی تعارف کا محتاج نہیں۔ وہ اپنے متنازعہ ڈرامے ’زرد دوپہر‘ کے حوالے سے بڑی شہرت رکھتے ہیں۔

پورے چاند کی رات
’پورے چاند کی رات‘ کی کہانی دیہی اور شہری زندگی کے باہمی تعلق کا احاطہ کرتی ہے

’ایئرپورٹ‘ بنیادی طور پر ایک مزاحیہ سیریل ہے۔ لاہور کے علامہ اقبال بین الاقوامی ایئرپورٹ پر شوٹ کے گئے اس سیریل میں ان واقعات کی عکاسی کی گئی ہے جو ایئر پورٹ پر روزانہ وقوع پذیر ہوتے ہیں۔

’ایئرپورٹ‘ کی ہر قسط میں ایک مختلف کہانی دکھائی جائے گی۔ ان میں جو موضوعات پیش کیے جائیں گے ان میں ایئرپورٹ سے متعلق جرائم بھی شامل ہیں اور وہ انسانی جذبات بھی جو اپنوں سے بچھڑنے کی صورت میں سامنے آتے ہیں۔

اس ڈرامے میں عثمان پیرزادہ ایک سرکاری افسر کا کردار ادا کر رہے ہیں جو ایئرپورٹ کے امور کا انچارج ہے۔ ڈرامے میں دکھائے گئے اکثر کردار مزاحیہ رنگ لیے ہوئے ہیں۔

شاہد محمود کے مطابق اس ڈرامے کو فلم کی تکنیک یعنی ون کیمرہ پر شوٹ کیا گیا ہے اور نوے فیصد ریکارڈنگ لاہور ایئرپورٹ کے مختلف حصوں میں کی گئی ہے۔

اداکارہ کنول اس ڈرامے میں لیڈی سمگلر کا کردار ادا کر رہی ہیں جو بھیس بدلنے کی بھی ماہر ہیں۔

ڈرامے کے دیگر اداکاروں میں توقیر ناصر، نیر اعجاز، نائمہ خان، حیدر سلطان، راشد محمود، حمیرا عابد علی اور سرفراز انصاری شامل ہیں۔

پی ٹی وی لاہور کی ان دونوں ڈرامہ سیریلز کا دورانیہ پچاس پچاس منٹ ہو گا۔

تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد