| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
شہزادہ چارلس راجستھانی ترنگ میں
برطانوی ولی عہد شہزادہ چارلس ان دنوں بھارتی ریاست راجستھان کا دورہ کر رہے ہیں جہاں اتوار کے روز مقامی موسیقاروں نے ان کی موجودگی میں راجستھانی سُر بکھیرے تو وہ بھی ترنگ میں آگئے۔ چارلس ان موسیقاروں اور رقاصوں کی کارکردگی سے بہت متاثر ہوئے اور دل کھول کر داد دی۔ یہ لوگ راجستھان کے شہر جے پور میں ایمبر فورٹ کے قریب شہزادے کی آمد پر اپنے فن کا مظاہرہ کر رہے تھے۔ راجستھان کو بادشاہوں کی سرزمین بھی کہا جاتا ہے۔ اس موقع پر علاقے کی کئی خواتین بھی شہزادے کو دیکھنے کے لئے اکٹھا ہوگئ تھیں۔ شام کے وقت شہزادہ چارلس مقامی دستکاروں کی نمائش دیکھنے گئے جنہوں نے رنگا رنگ چیزیں بنائی تھی۔ ایک کاریگر بابو لال میروتیا اپنے انگوٹھے کے ناخن پر شہزادہ چارلس کی شبیہ بنا کر لائے تھے جسے بنانے میں انہوں نے تین گھنٹے صرف کیے تھے۔ شہزادے نے بابو کی مہارت پر حیرت اور خوشی کا اظہار کیا۔ ایک عورت نیِرو چھابری نے چاول کے دانے پر خیرمقدمی کلمات تحریر کیے تھے جسے دیکھ کر شہزادے نے کہا: ’حیرت انگیز‘۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||