BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Tuesday, 21 October, 2003, 13:12 GMT 18:12 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
حمید اختر کی یادوں کا مجموعہ

حمید اختر کی کتاب کا سرِ ورق
بزرگ صحافی کی یادیں

اسّی سالہ حمید اختر بزرگ صحافی ہیں جو پچاس برس سے ادب و صحافت سے وابستہ ہیں۔ اس مجموعے میں شامل ان کے بیشتر مضامین انیس سو اٹھاسی میں احوال دوستاں کے نام سے شائع ہوئے تھے۔

اب اس میں مزید اضافوں کے ساتھ’آشنائیاں کیا کیا‘ کے نام سے شائع کیا گیا ہے۔ جن افراد کا تذکرہ کیا گیا ہے وہ سب اردو ادب، صحافت اور فلم کی نامور ہستیاں ہیں۔

حمید اختر آج کل اردو روزنامہ ایکسپریس میں کالم لکھتے ہیں۔ ان کی ترقی پسند تحریک سے دیرینہ وابستگی ہے اور قیام پاکستان کے بعد انجمن ترقی پسند مصنفین کے جنرل سیکرٹری بھی رہے۔ اسی پاداش میں انہیں دو سال جیل میں گزارنا پڑے۔ اس تجربے کو انہوں نے اپنی کتاب کال کوٹھری کی صورت میں تحریر کیا اور ناقدین سے زبردست داد وصول کی۔

خاصہ کی چیز

 ساحر لدھیانوی پر مضمون خاصہ کی چیز ہے کہ کس طرح انہوں نے باپ کے بغیر بچپن گزارا، کالج میں ایشر کور سے عشق کیا اور عدم تحفظ کا احساس زندگی بھر ان کے ساتھ لگا رہا۔

مبصر

حمید اختر کا آبائی ضلع لدھیانہ ہے جہاں شاعر ساحر لدھیانوی اور مزاح نگار ابن انشا ان کے دوست بنے۔ وہ ساحر لدھیانوی کے ساتھ ہیرو بننے کے لیے بمبئی پہنچے تو وہاں ان کی شناسائی کرشن چندر، سید سجاد ظہیر، جوش ملیح آبادی، ابراہیم جلیس اور سبط حسن جیسے نامور ادیبوں سے ہوگئی جن سے ان کا تعلق ہمیشہ قائم رہا۔

لاہور آنے کے بعد فیض احمد فیض، اخلاق دہلوی اور سعادت حسن منٹو سے ان کا تعلق جڑ گیا۔ حمید اختر نے ان تمام افراد سے متعلق اپنی یادوں کو اس دو سو سات صفحوں کی کتاب میں محفوظ کرلیا ہے۔

حمید اختر کا کمال یہ ہے کہ انہوں نے سادہ سے انداز میں ان لوگوں کی زندگی کے بارے میں اس تفصیل سے لکھا ہے کہ وہ ہمیں اپنے درمیان چلتے پھرتے نطر آتے ہیں۔ حمید اختر کے اسلوب میں ایک بے تکلفی ہے۔ وہ کسی شخص یا واقعہ کو یاد کرتے ہوئے اس کی جزیات اور سیاق و سباق کو بڑی مہارت سے بیان کرتے چلے جاتے ہیں۔

ان تذکروں کی ایک خوبی یہ بھی ہے کہ جس شحص کا ذکر ہے اس کےتوسط سے اس کے ارد گرد کے ماحول اور اس سے منسلک کئی اور اہم لوگوں کی باتیں پڑھنے کو ملتی ہیں جیسے سجاد ظہیر کے حوالے سے کیفی اعظمی اور شوکت کیفی کی شادی کا بیان اور مجاز کی باتیں اور جوش ملیح آبادی کے حوالہ سے پرتھوی راج کا ذکر۔

فیض احمد فیض پر حمید اختر نے ذرا عقیدت مندانہ طور پر لکھا ہے اور اس میں وہ بے تکلف بیان نظر نہیں آتا جو ساحر لدھیانوی اور ابن انشا کے بارے میں ہے۔

ساحر اور ابن انشا کے مضامین بہت دلچسپ ہیں شاید اس لیے کہ وہ حمید اختر کے لدھیانہ میں لڑکپن کے ساتھی تھے اور ان کی زندگی کے بارے میں ان کی ایسی تفصیلات کا علم ہے جو اوروں کو نہ ہو۔ ساحر لدھیانوی پر مضمون خاصہ کی چیز ہے کہ کس طرح انہوں نے باپ کے بغیر بچپن گزارا، کالج میں ایشر کور سے عشق کیا اور عدم تحفظ کا احساس زندگی بھر ان کے ساتھ لگا رہا۔

بچپن کے دوست

 ساحر اور ابن انشا کے مضامین بہت دلچسپ ہیں شاید اس لیے کہ وہ حمید اختر کے لدھیانہ میں لڑکپن کے ساتھی تھے اور ان کی زندگی کے بارے میں ان کی ایسی تفصیلات کا علم ہے جو اوروں کو نہ ہو۔

مبصر

ان مضامین میں زیادہ تر وہ لوگ ہیں جو ترقی پسند تحریک سے وابستہ رہے اس لیے ان کی باتوں سے اس پوری تحریک کی تاریخ اور اس کی سرگرمیوں کے مختلف پہلو بھی ہمارے سامنے آجاتے ہیں۔

پاکستان میں کمیونسٹ تحریک کو منظم کرنے کے لیے آنے والے سجاد ظہیر اور شاعر ساحر لدھیانوی کو کس طرح اس وقت کی حکومت نے پاکستان سے نکال کر ہندوستان میں رہنے پر مجبور کردیا اور سبط حسن اور فیض احمد فیض نے اپنے نصب العین کے لیے جو قید و بند کے دن گزارے ان کا احوال ان مضامین میں شامل ہے۔

اس کتاب میں جن لوگوں کی زندگی کی باتیں کی گئی ہیں ان میں سے کئی لوگ ایسے تھے جو خوشحال گھرانوں سے تھے جیسے اخلاق دہلوی، سبط حسن، سجاد ظہیر اور ابراہیم جلیس لیکن انھوں نے اپنے مقصد اور ہندوستان کی تقسیم کے سبب خاصی مشکلات اور تنگ دستی کا خندہ پیشانی سے مقابلہ کیا۔ قاری کے لیے ان کی باتیں خاصی متاثر کن ہیں۔

ان سب میں ایک بات مشترک ہے کہ انہوں نے عام روش سے ہٹ کر اپنے منفرد طریقہ سے زندگی گزاری اور اپنی تخلیقی صلاحیتوں سے پاکستان کے اجتماعی شعور اور اردو ادب کی راہوں کو متعین کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ خود حمید اختر کے بقول ان سب لوگوں نے اپنے اپنے انداز میں زندگی اور فن کی آبیاری کی اور اپنا کام کرکے رخصت ہوگۓ مگر ان کی یادیں ہمیشہ دلوں کو گرماتی رہیں گی۔

تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد