| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
ڈیڈو کا ریکارڈ توڑ البم
حال ہی میں ریلیز ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق گلوکارہ ڈیڈو کا البم ’لائف فار رینٹ‘ برطانیہ میں گزشتہ چھ سال میں سب سے زیادہ تیزی سے فروخت ہونے والا میوزک البم ثابت ہوا ہے۔ گزشتہ سوموار کو اس کی ریلیز کے بعد پہلے پانچ دنوں میں اس کی دولاکھ پچپن ہزار کاپیاں فروخت ہوئیں جو اوایسس کے البم بی ہیئر ناؤ کے بعد پہلے ہفتے کے دوران کسی بھی البم کے فروخت ہونے کی سب سے بڑی تعداد ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ سوموار تک اس کی ساڑھے تین لاکھ پچاس ہزار کاپیاں فروخت ہو چکی ہوں گی جو برطانیہ میں پہلے ہفتے کے دوران میوزک البم کی فروخت کی دوسری بڑی مثال ہے۔ اس سے پہلے برطانیہ میں یہ اعزاز میوزک گروپ بیٹلز کے عظیم ترین البم ’ون’ کو حاصل تھا جس کی سن دو ہزار میں ریلیز کے بعد پہلے ہفتے میں تین لاکھ انیس ہزار کاپیاں فروخت ہوئی تھیں۔ سن انیس سو ستانوے میں ریلیز ہونے والا اوایسس کا میوزک البم بی ہیئر ناؤ اب بھی ایک ہفتے کے دوران سب سے بڑا البم ہے۔ اس البم کی تین لاکھ سے زائد کاپیاں تو اس کی ریلیز کے پہلے دن ہی فروخت ہو گئی تھیں۔ پہلے تین دنوں میں ہی اس البم کی چھ لاکھ چھیانوے ہزار کاپیاں فروخت ہو چکی تھیں۔ اکتیس سالہ ڈیڈو نے اپنے البم لائف فار رینٹ کو سوموار کو ریلیز کیا۔ اس موقعہ پر انہوں نے ایک طیارہ چارٹر کیا اور لندن اور نیویارک میں ایک ہی دن اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ میوزک کے اسٹوروں پر اچھی خاصی کامیابی کے باوجود ڈیڈو کو موسیقی کے نقادوں کی طرف سے سرد مہری کا سامنا کرنا پڑا۔ بعض نے تو اس کی البم کو ایک فارمولا البم اور اس کی کامیابی کو صرف ایک کمرشل کامیابی قرار دے کر رد کر دیا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||