| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
کرشمہ کی شادی
بالی ُوڈ کے مشہور خاندان کی بیٹی کی شادی ہو تو ظاہر ہے کہ دھوم تو مچے گی۔ ممبئی کے مضافات دیونال میں انجہانی راج کپور کے خاندانی گھر میں ان کی پوتی کرشمہ کپور کی دہلی کے ایک تاجر سنجے کپور سے شادی ہوئی۔ اس کی شادی میں شترو گن سنہا، ونود کھنہ، راجیش کھنہ، اکشے کھنہ، گووندا، جیتندر، ارباز خان، ان کی بیوی ملائکہ اروڑا خان، جیکی شروف، بونی کپور، سری کپور، راکیش روشن، تبو، ٹوئنکل کھنہ اور اکشے کمار اور دوسرے اداکاروں نے شرکت کی۔ لیکن سلمان خان اور ویوک اوبرائے کو دیکھتے ہی باہر جمع ان کے شیدائی خوشی سے جھوم اٹھے۔ ان میں سے ایک لڑکی نے بتایا ’ ہم گیارہ بجے سے کھڑے ہیں اور یہاں شادی دیکھنے آئے تھے۔ تھوڑی بہت شادی دیکھنے کو ملی کیونکہ سیکیورٹی بہت سخت ہے۔ باہر کھڑے مداحوں سے پوچھنے پر معلوم ہوا کہ انہیں سب سے زیادہ سلمان خان اور ویوک اوبرائے کو دیکھنا کا شوق تھا۔ میڈیا والوں کو بھی اندر جانے کی اجازت نہیں تھی اس لئے انہیں بھی انتظار باہر کرنا پڑا۔ فلمی ستاروں کو دیکھنے کے لئے قریب کے سکول اور کالجوں کے لڑکے لڑکیاں کھڑے ہوئے تھے۔ دلہن نے گلابی رنگ کا لہنگا پہنا ہوا تھا اور ان کی ایک جھلک کے لئے سب ہی بے تاب تھے۔ آخر تک باہر جمع ہوئی بھیڑ اور صحافیوں کو ایک ہی بات کا انتظار رہا اور وہ تھا ہالی وڈ کے سپر اسٹار اداکار امیتابھ بچن اور ان کے بیٹے ابھیشیک بچن کا۔ کہا جاتا ہے کہ شادی میں شرکت کی انہیں دعوت دی گئی تھی لیکن وہ تشریف نہ لاسکے۔ اس سال کے شروع میں کرشمہ کی ابھیشیک سے منگنی ہوئی تھی جو تھوڑے عرصے بعد ٹوٹ گئی تھی۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||