| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
ہالی وُڈ کے ایلیا کازان انتقال کر گئے
ہالی وڈ کے معروف فلم ساز ایلیا کازان کا چوررانوے سال کی عمر میں انتقال ہو گیا ہے۔ کازان ’آن دی واٹر فرنٹ‘ اور ’ایسٹ آف ایڈن‘ جیسی مشہور فلموں کے ہدایت کار تھے۔ لیکن انیس سو پچاس کے عشرے میں ایلیا کازان نے امریکی کانگریس کی ایک کمیٹی کو ہالی وڈ میں اپنے ان ساتھیوں کے نام بتائے تھے جو بقول ان کے ’امریکہ مخالف‘ کارروائیوں میں ملوث تھے اور جن کو کمیونسٹوں سے ہمدردی تھی۔ اس زمانے میں امریکہ میں کمیونسٹوں پر کچھ ایسا شک کیا جا رہا تھا جیسے آج کل مسلمانوں پر کیا جار ہا ہے۔ شک اور تعصب کے اس ماحول میں کازان کا کمیٹی کو نام بتانا بعد میں بہت متنازع ثابت ہوا۔ جب ان کو نوے سال کی عمر میں فلم اکیڈمی کا ایک خصوصی اعزاز دیا گیا تو ہالی وڈ کے کئی فنکاروں نے اس پر اعتراض کیا۔ ایلیا کازان کا ایک یونانی خاندان سے تعلق تھا۔ جب ان کی عمر چار سال تھی تو ان کے والدین امریکہ رہنے آ گئے۔ ایلیا کازان نے اپنا کیرئیر براڈوے پر سٹیج ڈراموں کی ہدایت کار ی سے شروع کیا۔ انیس سو اڑتالیس میں ان کو ان کی فلم ’جینٹل مینز اگریمنٹ‘ کے لئے بہترین ہدایت کار کا آسکر ایوارڈ دیا گیا۔ اس فلم کے اہم اداکار گریگری پیک تھے اور فلم کا موضوع امریکی معاشرے میں یہودیوں کے خلاف تعصب تھا۔ چھ سال بعد ان کو ’آن دی واٹر فرنٹ‘ کے لئے پھر بہترین ہدایت کار کے آسکر ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس فلم میں مارلن برانڈو نے بہترین اداکاری کی اور یہ ڈاک یارڈ مافیا کے خلاف مزدوروں کی مزاحمت کی کہانی تھی۔ ایلیا کازان کی ایک اور مشہور فلم ’ایسٹ آف ایڈن‘ تھی جس میں جیمز ڈین نے یادگار کردار ادا کیا۔ ایلیا کازان کی فلموں نے امریکہ میں سماجی اور خاندانی مسائل کو انتہائی حقیقت پسند اور مضبوط انداز میں بیان کیا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||