| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
رے کاگمشدہ سکرپٹ
بھارتی عہد ساز فلم ڈائریکٹر ستیاجیت رے کی موت کے دس برس بعد کلکتہ میں ان کے بنائے ہوئے ایک گمشدہ سکرین پلے کا انکشاف ہوا ہے۔ ستیاجیت کے بیٹے سندیپ رے کو پیشکش ہوئی ہے کہ وہ اپنے والد کی سن انیس سو اکسٹھ کی فلم ’تین کنیا‘ (تین بیٹیاں) کے سکرپٹ کا بیشتر حصہ خرید لیں۔ یہ سکرپٹ ایک شخص منظرِ عام پر لایا ہے تاہم وہ خود اس کا مالک نہیں ہے۔ سندیپ کا کہنا ہے کہ یہ انکشاف ان کے لئے باعثِ حیرت ہے۔ ’مجھے پورا یقین ہے کہ یہ سکرپٹ ہمارے گھر سے چرایا گیا تھا‘۔ ڈائریکٹر ستیاجیت رے کا انتقال سن انیس سو بانوے میں ہوا تھا۔ وہ اپنی خدمات کے صلے میں آسکر ایوارڈ بھی حاصل کرچکے ہیں۔ انہوں نے اٹھائیس فلموں کے سکرپٹ لکھے ہیں۔ ان کی محنت کا اندازہ اس بات سے ہوتا ہے کہ ایک فیچر فلم کا سکرپٹ دو یا تین نوٹ بکس میں سما سکتا ہے۔ اپنے فلمیں بنانے کے علاوہ ستیاجیت کے بیٹے نے ستیاجیت سوسائٹی بھی قائم کی ہے جو ان کے والد کے کام کو محفوظ کرنے کے لئے کام کرتی ہے۔ سندیپ کہتے ہیں کہ انہیں ایک فون کال موصول ہوئی اور فون کرنے والے نے یہ دعویٰ کیا کہ اس کے پاس ستیاجیت سے متعلق کچھ مواد ہے اور وہ یہ جاننا چاہتا تھا کہ کیا یہ کام اصلی ہے۔ ’جس کے بعد وہ دو نوٹ بکس لے کر میرے پاس آیا جس میں ’تین کانیا‘ کا سکرپٹ تھا۔ وہ ہر نوٹ بک کو ایک لاکھ پچاس ہزار روپے میں فروخت کرنا چاہتا تھا‘۔ ماضی میں کئی افراد نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ ان کے پاس ستیاجیت رے کے سکرپٹس یا پینٹنگز موجود ہیں جو بعد میں نقلی ثابت ہوئے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| BBC Languages >>BBC World Service >>BBC Weather >>BBC Sport >>BBC News >> | |