دولت اسلامیہ پر ڈرامہ منسوخ، فنکاروں کا کھلا خط

فن کی دنیا کی اہم شخصیتوں نے دا ٹائمز اخبار میں ایک خط کے ذریعے نیشنل یوتھ تھیٹر سے یہ سوال کیا ہے کہ آخر اس نے ایک متنازع ڈرامے کو نہ دکھانے کا فیصلہ کیوں کیا۔
یہ متنازع ڈرامہ ’ہوم گرون‘ ہے اور اس میں نوجوانوں میں شدت پسندی اور انتہا پسندانہ نظریات کا جائزہ لیا گیا ہے۔
یہ ڈرامہ رواں ماہ دکھایا جانا تھا لیکن اس کے پہلے شو سے 10 دن قبل اسے منسوخ کر دیا گيا۔
خط پر دستخط کرنے والوں میں سائمن کےلو اور انیش کپور شامل ہیں جن کا کہنا ہے کہ ’اس فیصلے سے اس موضوع پر بات چیت بند ہوتی ہے۔‘
ڈرامے کے تخلیق کاروں کا کہنا ہے ’آوازیں خاموش کر دی گئی ہیں‘۔ لیکن نیویارک ٹائمز کا کہنا ہے کہ ڈراما معیار پر کھرا نہیں اترا ہے۔
اس ڈرامے کی ڈائریکٹر نادیہ لطیف اور اس کے خالق عمر الخیری نے اس ماہ کے اوائل میں کہا کہ انھیں اس کے منسوخ کیے جانے کے بارے میں پہلے سے خبر نہیں دی گئی تھی۔

،تصویر کا ذریعہ
اس ڈرامے کی تحریک لندن کی وہ تین طالبات ہیں جو دولت اسلامیہ میں شامل ہونے کے لیے شام چلی جاتی ہیں۔
خدیجہ سلطانہ، امیرہ عباسی اور شمیمہ بیگم فروری میں لاپتہ ہو گئی تھیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
نادیہ اور عمر کا کہنا ہے کہ ’اس شو میں مسئلے پر بات چیت ہونی چاہیے تھی کیونکہ اس سے ایک قسم کا جنون منسلک تھا لیکن اس کے برعکس اسے ایک بار بھی دکھائے بغیر اور کسی مناسب جواز کے آوازوں کو دبادیا گیا۔‘
سنیچر کو شائع ہونے والے اس خط کے دستخط کنندگان میں شامل سر ڈیوڈ ہیئر، ینگ وک آرٹسٹ کے ڈائریکٹر ڈیوڈ لان اور لبرٹی کے ڈائرکٹر شامی چکربرتی نے کہا کہ ’ڈرامے کا منسوخ کیا جانا برطانوی تھیٹر اور اظہار رائے کی آزادی کے لیے لمحۂ فکریہ ہے۔‘

،تصویر کا ذریعہ
انھوں نے کہا: ’ہمیں خدشہ ہے کہ انتہا پسندی پر حکومت کی پالیسی شاید فن کے میدان میں احتیاط کے کلچر کو فروغ دے رہی ہے۔‘
دستخط کنندگان نے کہا کہ انھیں اس بات پر ’شدید تشویش‘ ہے کہ تھیٹر کو پروگرام کو منسوخ کرنے کے لیے دباؤ ڈالا گیا ہے۔
انھوں نے مزید کہا: ’ہم چاہتے ہیں کہ نیویارک ٹائمز اس بابت پوری بات بتائے کہ اس فیصلے کی وجہ کیا تھی۔ ہمیں امید ہے کہ اس ذرامے کو دکھانے کا کوئی راستہ نکالا جائے گا تاکہ اس میں شامل نوجوان آوازوں کو سنا جا سکے اور اسے پوری طرح سے اس کی صلاحیتوں میں جانچا پرکھا جائے۔‘
نادیہ اور عمر کا کہنا ہے کہ انھیں کہا گیا کہ پولیس اس ڈرامے کی حتمی سکرپٹ دیکھنا چاہتی ہے اور سادے کپڑوں میں ان کے افسران ناظرین میں شامل ہوں گے۔





















