ایلکس شارپ اور ہیلن مرن کے لیے ٹونی ایوارڈز

ایلکس شارپ نے اس ایوارڈ یافتہ ڈرامے میں آٹزم کا شکار ایک لڑکے کا کردار ادا کیا
،تصویر کا کیپشنایلکس شارپ نے اس ایوارڈ یافتہ ڈرامے میں آٹزم کا شکار ایک لڑکے کا کردار ادا کیا

لندن کے سرکردہ ڈرامہ سکولز کی جانب سے مسترد کیے جانے والے نوجوان برطانوی اداکار ایلکس شارپ کو امریکہ میں تھیٹر کا بہترین اداکار قرار دیا گیا ہے۔

ایلکس شارپ نے بہترین اداکار کا ’ٹونی‘ ایوارڈ سٹیج ڈرامے ’کیوریئس انسیڈنٹ آف دی ڈاگ ان دا نائٹ ٹائم‘ کے لیے حاصل کیا۔

’ٹونی‘ ایوارڈز کو تھیٹر کی دنیا میں وہی مقام حاصل ہے جو کہ فلمی دنیا میں ’آسکرز‘ کا ہے۔

ایلکس شارپ نے براڈوے پر پیش کیے جانے والے اس ڈرامے میں آٹزم کا شکار ایک لڑکے کا کردار ادا کیا جو ایک کتے کے قتل کا معمہ حل کرنے کی کوشش کرتا ہے۔

بہترین اداکار کے ایوارڈ کے لیے ان کا مقابلہ بریڈلے کوپر اور بلی نایہے جیسے بڑے ناموں سے تھا۔

ہیلن مرن کو برطانیہ کی ملکہ الزبتھ کا کردار ادا کرنے پر ٹونی ایوارڈ دیا گیا

،تصویر کا ذریعہ

،تصویر کا کیپشنہیلن مرن کو برطانیہ کی ملکہ الزبتھ کا کردار ادا کرنے پر ٹونی ایوارڈ دیا گیا

’کیوریئس انسیڈنٹ آف دی ڈاگ ان دا نائٹ ٹائم‘ کو بہترین ڈرامے کا ایوارڈ بھی ملا جبکہ بہترین ہدایتکار کا ایوارڈ بھی اسی کی ہدایتکارہ میرین ایلیئٹ کے حصے میں آیا۔

بہترین اداکارہ کا ٹونی ایوارڈ بھی ایک برطانوی اداکارہ کے حصے میں آیا۔

مشہور اداکارہ ہیلن مرن کو یہ اعزاز ’دی آڈیئنس‘ نامی ڈرامے میں برطانیہ کی ملکہ الزبتھ کا کردار ادا کرنے پر دیا گیا۔

ہیلن مرن نے فلم ’کوئین‘ میں ملکہ برطانیہ کا کردار ادا کرنے پر نو برس قبل آسکر ایوارڈ بھی جیتا تھا۔