ممبئی میں فلم سٹی میں فائرنگ، ایک زخمی

اس واقعے کے بعد فلم سٹی میں جاری فلموں کی شوٹنگز فوری طور پر روک دی گئیں۔

،تصویر کا ذریعہMADHU PAL

،تصویر کا کیپشناس واقعے کے بعد فلم سٹی میں جاری فلموں کی شوٹنگز فوری طور پر روک دی گئیں۔

بھارت کے صنعتی شہر ممبئی میں جمعہ کے روز ’فلم سٹی‘ کے اندر فائرنگ کے واقعے میں ایک شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔

فائرنگ کا یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب اداکار امیتابھ بچن بھی فلم سٹی سٹوڈیو میں اپنی ایک فلم کی شوٹنگ کر رہے تھے۔

ممبئی پولیس کا کا کہنا ہے کہ بعض نامعلوم افراد نے ایک كانٹریكٹر پر گولیاں چلائیں اور پھر فرار ہوگئے۔

پولیس کے مطابق اس واقعے میں راجو شندے نامی ایک شخص زخمی ہو ئے ہیں جو سکیورٹی کی ایک ایجنسی چلاتے ہیں۔

فائرنگ کا یہ واقعہ اس جگہ سے کچھ ہی فاصلے پر پیش آیا جہاں اداکار امیتابھ بچن اپنی فلم ’دی 1873‘ کی شوٹنگ کر رہے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل پر سوار دو افراد نے شندے پرگولیاں چلائیں اور جب وہاں موجود ایک گارڈ نے ان کا پیچھا کیا تو وہ موٹر سائکل چھوڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

جب فائرنگ ہوئی تو امیتابھ بچن فلم سٹی میں شوٹنگ میں مصروف تھے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنجب فائرنگ ہوئی تو امیتابھ بچن فلم سٹی میں شوٹنگ میں مصروف تھے

فائرنگ کے اس واقعے کے بعد امیتابھ بچن نے ٹویٹ کیا: ’فلم سٹی میں شوٹنگ .... اور ہم سے صرف 20 فٹ کے فاصلے پرگینگ وار فائرنگ۔۔۔ !!! ایک شخص ہلاک ۔۔۔۔۔چاروں طرف پولس ہی پولیس۔‘

تاہم پولیس نے اس واقعے میں کسی بھی شخص کے ہلاک ہونے سے انکار کیا ہے۔

پولیس کے مطابق شندے پر تین گولیاں فائر کی گئیں جو ان کے پیٹ میں لگی ہیں اور انہیں قریبی ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

بعد میں امیتابھ بچن نے بھی اس واقعے سے متعلق دوبارہ ٹویٹ کیا اور لکھا ’1873 سے متعلق تصحیح : فلم سٹی کی گینگ وار شوٹنگ میں جہاں میں شوٹنگ کر رہا تھا اس میں جس شخص کو گولی لگی تھی وہ ہلاک نہیں ہوئے ہیں۔‘

اس واقعے کے بعد فلم سٹی میں جاری فلموں کی شوٹنگز فوری طور پر روک دی گئیں۔