’دل والے دلھنیا لے جائیں گے‘ کا نیا ٹریلر جاری

،تصویر کا ذریعہYASHRAJ FILMS
بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان اور اداکارہ کاجول کی سپر ہٹ فلم ’دل والے دلھنيا لے جائیں گے‘ رواں سال 12 دسمبر کو اپنی ریلیز کا ایک ہزارواں ہفتہ پورا کر رہی ہے۔
اور اسی موقعے کو یادگار بناتے ہوئے فلم کی یادیں تازہ کرنے کے لیے یش راج فلمز نے نیا ٹریلر جاری کیا ہے۔
دو منٹ کے اس ٹریلر میں فلم کے کچھ یادگار مناظر شامل کیے گئے ہیں۔
سوشل میڈیا پر اس کے متعلق گرما گرم بحث ہو رہی ہے اور ٹوئٹر پر DDLJNewTrailer# نامی ہیش ٹيگ ٹرینڈ کر رہا ہے۔
اس فلم نے اپنے زمانے میں کامیابی کے کئی ریکارڈ قائم کیے تھے۔
ممبئی کے معروف سینیما ہال مراٹھا مندر میں مسلسل 20 سال سے روزانہ فلم کا کم از کم ایک شو دکھایا جا رہا ہے۔

،تصویر کا ذریعہYashraj Films
سنہ 1995 میں ریلیز ہونے والی اس فلم میں انوپم کھیر، ستیش شاہ اور امريش پوری نے بھی اہم کردار ادا کیے تھے۔
فلم کے ہدایت کار یش چوپڑا کے بیٹے آدتیہ چوپڑا تھے اور یہ ہندوستانی سینیما کی تاریخ کی کامیاب ترین فلموں میں شمار ہوتی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
واضح رہے کہ بالی وڈ میں گذشتہ کئی برسوں سے یادگار فلموں کو نئے ناظرین تک پہنچانے کے لیے کچھ نہ کچھ کیا جاتا ہے۔ جیسے ’مغل اعظم‘ کو پوری طرح رنگین بنا کر پیش کیا تھا، جبکہ فلم ’شعلے‘ کا تھری ڈی ورژن پیش کیا گیا تھا۔







