گوا میں عالمی فلمی میلے کا آغاز

بھارتی فلمی صنعت کی دو قدآور شخصیات امیتابھ بچن اور رجنی کانت نے گوا میں 45 ویں بھارتی عالمی فلمی میلے کا افتتاح کیا ہے۔
اس 11 روزہ فیسٹیول میں ناظرین کو 170 فلمیں دیکھنے کو ملیں گی۔
جمعرات کی شب فیسٹیول کا افتتاح ایرانی ڈائریکٹر محسن مخمل باف کی فلم ’'دی پریزیڈنٹ‘ سے ہوا۔
فلمی میلے کے دوران بھارتی پینوراما سیکشن میں لوگوں کو ملک کے کونے کونے سے آنے والیں فلمیں دیکھنے کا موقع ملے گا جن میں شمال مشرقی بھارت کے ہدایتکاروں پردیپ كرباہ اور اربان سيام شرما کی فلمیں بھی شامل ہیں۔
اس کے علاوہ میلے کے دوران سچترا سین اور فاروق شیخ جیسے اس سال انتقال کرنے والے فنکاروں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ایک خاص سیکشن بنایا گیا ہے۔
میلے کے دوران اوپن ایئر سٹیڈیم میں کچھ کلاسیکی فلمیں بھی دکھائی جائیں گی جو عام لوگ بھی دیکھ سکیں گے۔
افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی امیتابھ بچن نے اپنے خطاب میں کہا کہ فلم نہ صرف بدلتے وقت کا ریکارڈ ہے بلکہ خود اس میں اپنا کردار بھی ادا کر رہی ہے۔
تقریب میں جنوبی بھارت کی فلموں کے سپر سٹار رجنی کانت کو ان کی خدمات کے اعتراف میں ایوارڈ بھی دیا گیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس فلمی میلے کا اختتام ہانگ کانگ کے ہدایتکار ونگ کار وائی کی فلم ’دی گرینڈ ماسٹر‘ کی نمائش سے ہوگا اور آخری دن ونگ کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ بھی دیا جائے گا۔







