بگ برادر اب چین میں بھی

15 سال قبل بگ برادر پروگرام کے آغاز کے بعد سے اسے درجنوں ممالک میں دیکھا گیا

،تصویر کا ذریعہENDEMOL

،تصویر کا کیپشن15 سال قبل بگ برادر پروگرام کے آغاز کے بعد سے اسے درجنوں ممالک میں دیکھا گیا

امریکہ کے ریئلیٹی شو بگ برادر کی طرز کا ایک پروگرام پہلی مرتبہ چین میں بھی شروع ہونے والا ہے جس میں ایک گھر میں رہنے والے افراد ایک دوسرے کے رویوں کا مقابلہ کرتے ہیں۔

یہ پروگرام مقبول ویڈیو شائٹ یوکو ٹوڈو پر نشر کیا جائے گا۔

اس شو کے شرکا پر 24 گھنٹے کیمروں کی مدد سے نظر رکھی جاتی ہے اور 15 سال قبل اس پروگرام کے آغاز کے بعد سے اسے درجنوں ممالک میں دیکھا گیا۔

بگ برادر کے تخلیق کار اینڈیمول نے چین کی سب سے بڑی ویڈیو سائٹ یوکو ٹوڈو کے ساتھ ایک معاہدہ کیا ہے۔

ایک بیان کے مطابق اس سائٹ کے پچاس کروڑ صارفین ہیں۔

بگ برادر کے طرز کا ہی ایک پروگرام بگ باس بھارت میں بھی جاری ہے

،تصویر کا ذریعہChannel 4

،تصویر کا کیپشنبگ برادر کے طرز کا ہی ایک پروگرام بگ باس بھارت میں بھی جاری ہے

بگ برادر چائنہ سنہ 2015 کے اوائل میں شروع ہوگا اور دس ہفتوں تک جاری رہے گا۔

اینڈیمول ایشیا کے چیف ایگزیکٹو ارجین وین میئرلو کا کہنا ہے ’ہم یوکو ٹوڈو کے ساتھ ایک ایسے معاہدے کا اعلان کرتے ہوئے کافی پر جوش ہیں جو پہلی مرتبہ چین میں ٹیلی وژن کا چہرہ ہی بدل دے گا۔‘

یہ معاہدہ چین کی حکومت کی جانب سے ٹیلی وژن چینلز کو ریئلیٹی، ڈیٹنگ اور گفتگو کے پروگرامز کی تعداد میں کمی کے احکامات کے تین برس بعد کیا گیا ہے۔

چینی حکومت نے یہ احکامات اس لیے دیے تھے کہ ان پروگراموں میں فحاشی کا عنصر بڑھ گیا تھا۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق چین میں ٹیلی وژن چینلز کی نسبت آن لائن سائٹس پر کم پابندیاں ہیں تاہم ضابطہ کاروں نے حال ہی میں آن لائن ویڈیو کے حوالے سے بھی سختی کرنے کے اشارے دیے ہیں۔