جیکی چن بیٹے کی گرفتاری پر شرمندہ

جیکی چین ہالی ووڈ کے معروف اداکار ہیں

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنجیکی چین ہالی ووڈ کے معروف اداکار ہیں

معروف اداکار جیکی چن نے اپنے بیٹے جیسی کی منشیات رکھنے کے الزام میں گرفتاری پر معافی مانگتے ہوئے ’شرمندگی‘ اور ’دکھ‘ کا اظہار کیا ہے۔

31 سالہ جیسی چن کو چین کے دارالحکومت بیجنگ میں جمعرات کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب ان کے گھر سے ایک سو گرام منشیات برآمد ہوئی تھیں۔

سنہ 2009 میں جیکی چن کو بیجنگ کی پولیس نے ’نارکوٹکس کنٹرول امبیسیڈر‘ یعنی منشیات کے استعال کے خلاف مہم کا سفیر مقرر دیا تھا۔

جیکی چن نے اپنی ویب سائٹ ’سینا وائبو‘ پر لکھا کہ ان کو اس بات پر ’غصہ آیا اور صدمہ ہوا۔‘

انھوں نے مزید کہا ’ایک باپ ہونے کے ناتے مجھے بہت افسوس ہوا ہے اور یہ خبر سن کر جیسی کی ماں کا دل ٹوٹا ہے۔‘

جیکی چن نے کہا ’مجھے امید ہے کہ آج کے نوجوان اس حادثے سے سبق حاصل کریں گے اور منشیات کے استعمال سے گریز کریں گے۔‘

جیکی چین کے بیٹے جیسی چین کے گھر سے 100 گرام گانجا برآمد ہوا ہے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنجیکی چین کے بیٹے جیسی چین کے گھر سے 100 گرام گانجا برآمد ہوا ہے

پولیس نے جمعرات کو جیسی چن اور تائیوان کے 23 سالہ فلم سٹار کائی کو گرفتار کیا تھا۔

بیجنگ پولیس کا کہنا ہے کہ جیسی چن کو حراست میں رکھا گیا ہے کیونکہ انھوں نے مبینہ طور پر دوسرے لوگوں کو منشیات کے استعمال میں مدد کی تھی۔

اگر ان کو مجرم قرار دیا گیا تو انھیں تین سال تک کی قید ہو سکتی ہے۔