بھوجپوری فلمی صنعت بالی وڈ سے بے پروا

،تصویر کا ذریعہDinesh Lal Yadav
بالی وڈ کی جگمگاتی دنیا میں قسمت آزمائی کے لیے بھارت کے مختلف حصوں سے فنکار ممبئی کا رخ کرتے ہیں، لیکن بھوجپوری فلموں کے اداکار اس جانب کم ہی آتے ہیں۔
دوسری جانب اگر دیکھا جائے تو بالی وڈ میں بھی بھوجپوری فلموں نے اپنی شناخت چھوڑی ہے۔
حال میں آنے والی عامر خان کی فلم ’پی کے‘ میں عامر خان نے بعض جگہ بھوجپوری زبان کا استعمال کیا ہے اور ان دنوں وہ بھوجپوری سیکھنے میں لگے ہوئے ہیں۔
دلیپ کمار کی معروف فلم ’گنگا جمنا‘ کا اس ضمن میں ذکر کیا جا سکتا ہے جبکہ بہت سے بالی وڈ اداکاروں نے بعض فلموں میں بھوجپوری زبان اور لہجے کا استعمال کیا ہے۔
بھوجپوری گیت بھی اپنے الگ ہی انداز رکھتے ہیں۔ طلعت محمود کی مخملی آواز میں ’توری میٹھی میٹھی بولیا کریجا چھوئے لا‘ اپنی مثال آپ ہے۔
امیتابھ بچن دیپک ساونت کی تین بھوجپوری فلموں ’گنگا،‘ ’گنگوتری‘ اور ’گنگا دیوی‘ میں کام کر چکے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہdinesh lal yadav
بھوجپوری فلموں کے صرف روی کشن ہی ایسے اداکار ہیں جو بالی وڈ کی فلموں میں بھی نظر آتے ہیں۔ ممبئی سے مدھوپال نے اس اسرار سے پردہ اٹھانے کی کوشش کی ہے۔
دنیش لال یادو بھوجپوری فلموں کے سپر سٹار ہیں، جنھیں ان کے مداح ان کی فلم ’نروہوا رکشہ والا‘ کے بعد سے نروہوا ہی کہنے لگے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
نروہوا کو بھوجپوری فلموں میں نو سال ہو گئے ہیں اور انھوں نے کبھی بالی وڈ کا رخ نہیں کیا۔
وہ کہتے ہیں: ’مجھے بھوجپوری فلموں سے فرصت ہی نہیں ملی کہ بالی وڈ کے بارے میں سوچتا، مجھے درمیان میں دو بالی وڈ فلموں کی پیشکش آئی تھی لیکن وہ میری پسند کے مطابق نہیں تھیں تو میں نے انکار کر دیا۔‘

،تصویر کا ذریعہRinku Ghosh
نروہوا کہتے ہیں: ’بھوجپوری فلموں کے لیے ناظرین میں ایک قسم کی دیوانگی ہے۔ میری فلم ’نروہوا ہندوستانی‘ جب ریلیز ہوئی اس کے بعد کئی بالی وڈ اور ہالی وڈ فلمیں بھی ریلیز ہوئیں اور چلی گئیں لیکن آج بھی بہار میں نروہوا ہندوستانی چل رہی ہے۔‘
بھوجپوری فلموں کی معروف اداکارہ رنكو گھوش نے 50 سے بھی زیادہ فلموں میں اداکاری کی ہے اور انھیں اس انڈسٹری میں دس سال ہو گئے ہیں۔
انھوں نے کبھی بالی وڈ کا رخ نہیں کیا کیونکہ انھیں چھوٹے شہر میں ہردلعزیز بن کر رہنا پسند ہے بہ نسبت اس کے کہ بڑے شہر میں آ کر گم ہوجائیں۔

،تصویر کا ذریعہsanjay kumar pandey
بھوجپوری فلموں کے معروف ولین اداکار سنجے کمار پانڈے کہتے ہیں: ’بھوجپوری فلموں سے بالی ووڈ میں کوئی نہیں گیا لیکن بالی وڈ سے بھوجپوری فلموں میں کئی لوگ آئے ہیں۔‘
وہ کہتے ہیں: ’مجھے اس بات کا ذرا بھی افسوس نہیں ہے کہ پورا ہندوستان مجھے نہیں جانتا لیکن اتر پردیش، بہار اور ممبئی کے لوگ تو مجھے بہت اچھی طرح سے جانتے ہیں۔ مجھے لوگ بھوجپوری سینیما کا امريش پوری کہتے ہیں۔‘

،تصویر کا ذریعہseema singh
سیما سنگھ بھوجپوری فلموں کی وہ اداکارہ ہیں جنھوں نے 300 سے زیادہ آئٹم سانگ پر اداکاری کی ہے اور انھوں نے اب تک اس انڈسٹری میں نو سال کا عرصہ گزار لیا ہے۔
وہ بالی وڈ کے بارے میں کہتی ہیں: ’بھوجپوری فلم انڈسٹری میں میرا بہت نام ہے۔ آج اتر پردیش اور بہار کے ناظرین پورے بھارت میں ہیں تو میری شناخت بھی اتنی ہے اور میں بالی ووڈ میں اپنا سفر دوبارہ صفر سے شروع نہیں کرنا چاہتی۔‘







