’نانا راج کپور کی طرح جوکر بننا چاہتا ہوں‘

ارمان جین معروف اداکار اور شو مین راج کپور کے نواسے ہیں جو لے کر ہم دیوانہ دل کے ساتھ فلموں میں قدم رکھ رہے ہیں

،تصویر کا ذریعہhoture

،تصویر کا کیپشنارمان جین معروف اداکار اور شو مین راج کپور کے نواسے ہیں جو لے کر ہم دیوانہ دل کے ساتھ فلموں میں قدم رکھ رہے ہیں

بالی وڈ کے معروف کپور خاندان سے تعلق رکھنے والے نئے اداکار ارمان جین کی خواہش ہے کہ وہ اپنے نانا راج کپور کی طرح فلم میں جوکر کا کردار ادا کریں۔

عارف علی کی ہدایت میں بننے والی فلم ’لے کر ہم دیوانہ دل‘ سے ارمان اداکاری کی دنیا میں قدم رکھ رہے ہیں۔

بچپن سے اداکار بننے کی خواہش رکھنے والے ارمان کہتے ہیں: ’میں پانچ برس کی عمر سے نانا جی کی فلمیں دیکھ رہا ہوں۔ میں ان سے ملا نہیں لیکن ماں نے ان کی فلمیں بطور خاص فلم ’میرا نام جوکر‘دکھائی۔‘

انھوں نے کہا: ’میں ہمیشہ اس میں سرکس کے سین بہت توجہ سے دیکھتا تھا۔ مجھے بھی جوکر بننا تھا۔ مجھے بھی لوگوں کو ہنسانا تھا۔ میں مانتا ہوں کہ میری زندگی ایک سرکس ہے اور نانا جی میرے محرک۔‘

اگرچہ ارمان کو اس بات کا پورا اندازہ ہے کہ ان کے حصے میں جو کچھ آیا ہے اسے حفاظت سے رکھنے کے لیے انھیں بہت محنت کرنی ہوگی۔

تاہم نام کے ساتھ کپور نہ لگے ہونے کے باوجود ان پر راج کپور کا نواسہ ہونے کی چھاپ ضرور ہے۔

راج کپور کی فلم میرا نام جوکر بالی وڈ کی فلموں میں اپنا مقام رکھتی ہے
،تصویر کا کیپشنراج کپور کی فلم میرا نام جوکر بالی وڈ کی فلموں میں اپنا مقام رکھتی ہے

اس حقیقت کو وہ خود پر ایک دباؤ تسلیم کرتے ہیں یا نہیں، اس سوال کے جواب میں ارمان کہتے ہیں: ’میں نے آج تک اس بارے میں سوچا ہی نہیں ہے۔‘

حال ہی میں رنبیر کپور ارمان کی فلم کی تشہیر کرنے پہنچے تھے۔

رنبیر سے ملنے والے مشورے کے بارے میں کیے جانے والے سوال پر ارمان نے کہا: ’اداکاری تو انسان خود سیکھتا ہے۔ وہ کرتے کرتے ہی آتی ہے۔ میں اور رنبیر جب بات کرتے ہیں تو فلموں کی باتیں کبھی نہیں ہوتیں۔ ہم فٹبال کی باتیں کرتے ہیں یا پھر ویڈیو گیمز کی باتیں ہوتی ہیں۔ گھر پر لوگ صرف کھانے پینے اور خاندان سے متعلق باتیں کرتے ہیں۔ اداکاری کی باتیں نہیں ہوتیں۔‘

فلم ’لے کر ہم دیوانہ دل‘ جلد ہی ریلیز ہونے والی ہے اور امتیاز علی کے بھائی عارف علی نے اس ہدایت کی ہے۔