شو کے بعد کیا کر رہے ہیں بگ باس کے حریف؟

،تصویر کا ذریعہColors
شاید آپ کو اس بات کی معلومات میں قدرے دلچسپی ہو کہ بھارت کے معروف ریئلٹی شو بگ باس -7 میں حصہ لینے والے اہم حریفوں کی زندگی میں شو کے بعد کیا تبدیلی آئی ہے؟
کیا شو کے دوران بے حد قربت کا اظہار کرنے والے ارمان کوہلی اور تنيشا مکھرجی یا گوہر خان اور كشال ٹنڈن کے درمیان اب بھی ویسے ہی رشتے قائم ہیں یا یہ محض شو کو شہرت دینے کی منصوبہ بندی تھی؟
كشال اور گوہر نے تو شو کے دوران ایک دوسرے سے محبت کا اظہار بھی کر لیا تھا۔ بی بی سی کے ودت مہرا نے آخر تک رہنے والے چھ افراد سے بات کرنے کی کوشش کی۔
اس بابت كشال ٹنڈن نے بتایا: ’بگ باس کے دوران مجھے اور گوہر کو ایک دوسرے سے محبت ہو گئی۔ ہم دونوں اب بھی ایک ساتھ ہیں اور ہمارے درمیان معاملات کافی اچھے چل رہے ہیں جس سے ہم دونوں کافی خوش ہیں۔‘
دوسری جانب گوہر خان نے ذاتی تعلقات کے سلسلے میں جواب دینے سے انکار کر دیا۔ لیکن شو کے ایک مقبول حریف وی جے اینڈی کا جواب کچھ یوں تھا: ’اگر آپ مجھ سے پوچھیں گے کہ كشال اور گوہر کے درمیان کیا ہے یا ارمان اور تنيشا کے درمیان کیا ہے، تو میں یہ کہوں گا ان کے درمیان جو کچھ بھی ہو یا تو وہ خود جانیں یا پھر اوپر والا جانے۔‘

،تصویر کا ذریعہColors
اس سلسلے میں ارمان کوہلی سے رابطہ نہیں ہو پایا۔ اینڈی کے مطابق: ’جب ایک گھر میں بہت سارے لوگ بند ہوتے ہیں تو ان کے درمیان دوستی بھی بڑھتی ہے اور پیار بھی ہوتا ہے۔ لیکن اگر کوئی پہلے سے ہی یہ سوچ کر آیا ہو کہ اسے کچھ ایسا کرنا ہے جس سے شو کی یا اس کی ٹی آر پی بڑھے تو میں اس سلسلے میں کچھ نہیں کہہ سکتا۔‘
شو کے بعد اس میں حصہ لینے والوں کی زندگی میں کیا تبدیلی آئی؟ کیا شو نے ان حریف کی زندگی کو اور بہتر بنایا؟ بگ باس 7 کی فاتح گوہر خان کہتی ہیں: ’لوگوں کا بہت سارا پیار مل رہا ہے اور لوگ میرا کام سراہ رہے ہیں۔ میں خود کو بہت ہی خوش قسمت سمجھتی ہوں۔‘
فلم ’راکٹ سنگھ‘ اور ’عشق زادے‘ جیسی فلموں میں کام کرنے والی گوہر نے شو کے بعد فلموں کی آفر کے بارے میں بتایا: ’بگ باس کے بعد چیزیں اچھی ہو رہی ہیں۔ اب اپنے لیے کم وقت ملتا ہے۔ اب میرا پورا دھیان کام پر ہے۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہColors
تاہم كشال ٹنڈن کا کہنا ہے کہ ایسا بالکل نہیں ہے کہ بگ باس سے ان کی زندگی بالکل ہی بدل گئی ہو۔ وہ کہتے ہیں: ’بگ باس کے بعد سب کچھ پہلے جیسا ہی ہے، خاندان اور دوستوں کے ساتھ سب اچھا چل رہا ہے۔ آج کل میں کام کے سلسلے میں کئی لوگوں سے مل رہا ہوں۔‘
اینڈی نے حال ہی میں اس سال فلم فیئر ریڈ کارپیٹ کی میزبانی کی۔ وہ کہتے ہیں: ’بگ باس کے بعد میں بہت سارے شوز کر رہا ہوں۔ مجھے بہت سارے مواقع مل رہے ہیں۔ میرے پاس بہت ساری فلموں کی آفرز بھی آ رہے ہیں اور جلد ہی آپ مجھے فلموں میں بھی دیکھیں گے۔‘
شو کے ایک اور دعوےدار پہلوان سنگرام سنگھ کہتے ہیں: ’بگ باس کے بعد مجھ سے کافی لوگوں نے رابطہ کیا۔ ابھی میرے پاس پانچ فلموں کی آفرز آئے ہیں۔ لیکن میں وہی کام کروں گا جو میری شبیہ کے مطابق ہو۔‘
ان سب کے دعووں کے باوجود ہمارے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ بگ باس کے اس سے پہلے کے ورژن کے فاتح جیسے وندو دارا سنگھ، جوہی پرمار، راہل رائے اور آروشي ڈھولکیا کی کاروباری زندگی میں کوئی ایسی تبدیلی نہیں آئی جس سے ان کے کریئر کی سمت ہی بدل جائے۔







