گریمی ایوارڈز میں ’ڈافٹ پنک‘ کے پانچ ایوارڈز

،تصویر کا ذریعہAFP
امریکی ریاست کیلیفورنیا میں گریمی ایوارڈز کی تقریب میں فرانس کے رقاص جوڑے ’ڈافٹ پنک‘ نے بہترین البم اور سال کے بہترین ریکارڈ سمیت پانچ ایوارڈ جیت لیے ہیں۔
ہپ ہاپ جوڑے میکلیمور اور رائن لیوئس نے چار ایوارڈ جیتے۔ ان میں بہترین آرٹسٹ اور ریپ البم، بہترین گانا اور بہترین پرفارمنس کے ایوارڈ شامل ہیں۔
جسٹن ٹمبرلیک نے تین جبکہ نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے نوجوان گلوکار لورڈ نے دو ایوارڈ جیتے۔
دو ایوارڈ جیتنے والوں میں سر پال میک کارٹنی بھی شامل ہیں۔ میک کارٹنی ایک بار پھر بیٹلز بینڈ کے ساتھی رنگو سٹار کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔
ان دونوں نے اس تقریب میں گانا کوئنی آئی گایا۔
گریمی ایوارڈز کی تقریب کا آغاز جے زی (Jay-Z) اور ان کی اہلیہ بیونسے نے کیا۔ اس کے بعد میڈونا نے میکلیمور کے ساتھ ہم جنسی پرستوں کے حق میں سیم لّو (Same Love) گایا، جبکہ اس کے ساتھ ہی 33 ہم جنسی پرستوں کی سٹیج پر شادی ہوئی۔
تقریب میں میٹیلیکا نے پیانو نواز لینگ لینگ اور ڈافٹ پنک کے ساتھ گانا گایا جبکہ نائل راجرز اور فیرل ولیمز نے سٹوی ونڈر کے ہمراہ گیٹ لکی (Get Lucky) پیش کیا۔



