یو ٹیوب ایوارڈز: ایمینم سال کے بہترین فنکار

امریکہ میں 64 فیصد بالغ افراد موسیقی سننے کے لیے یو ٹیوب استعمال کرتے ہیں
،تصویر کا کیپشنامریکہ میں 64 فیصد بالغ افراد موسیقی سننے کے لیے یو ٹیوب استعمال کرتے ہیں

ویڈیو شیئرنگ ویب سائٹ یو ٹیوب کے پہلے ایوارڈز میں ایمینم کو سال کا بہترین فنکار قرار دیا گیا ہے۔

ان ایوارڈز کی تقریب اتوار کی شب امریکی شہر نیویارک میں منعقد ہوئی جسے انٹرنیٹ پر براہِ راست نشر کیا گیا۔

تقریب میں ایمینم اور لیڈی گاگا جیسے گلوکاروں نے لائیو میوزک ویڈیوز بھی بنائیں جن کی ہدایات ان ایوارڈز کے خالق سپائیک جونز نے دیں۔

لیڈی گاگا نے تقریب میں اپنا نیا گانا ’ڈوپ‘ پیش کیا۔

ان ایوارڈز کے لیے کسی فنکار کی نامزدگی کا معیار یو ٹیوب پر اس کےگانوں کی پسندیدگی، ان پر کیے جانے والے تبصرے اور فنکاروں کے اپنے یو ٹیوب چینلوں کی سبسکرپشن تھا۔

یو ٹیوب فنامینن ایوارڈ ٹیلر سوئفٹ کو ان کے گانے ’آئی نیو یو ور ٹربل‘ پر دیا گیا جبکہ سال کی بہترین ویڈیو کا ایوارڈ گانے ’آئی گوٹ اے بوائے‘ کی ویڈیو کو ملا۔ یہ گانا جنوبی کوریا کے گروپ کے پوپ نے گایا ہے۔

سال کی بہترین اختراع کا ایوارڈ یو ٹیوب کے صارف ’ڈی سٹورم پاور‘ کو دیا گیا جن کی ڈھائی سو ویڈیوز کو بیس کروڑ مرتبہ دیکھا گیا ہے۔

نامہ نگاروں کے مطابق یو ٹیوب کے یہ ایوارڈ اس امر کے عکاس ہیں کہ موسیقی اور ویڈیوز کے لیے ٹی وی اور ریڈیو کے مقابلے میں عوام انٹرنیٹ میں زیادہ دلچسپی لے رہے ہیں۔

گزشتہ برس ایک جائزے میں پتہ چلا تھا کہ امریکہ میں 64 فیصد بالغ افراد موسیقی سننے کے لیے یو ٹیوب استعمال کرتے ہیں جبکہ ریڈیو پر موسیقی سننے والوں کی شرح 56 فیصد تھی۔