جیوری کی تصویر کھینچنے والے بلاگر پر پابندی

مائیکل جیکسن
،تصویر کا کیپشنمائیکل جیکسن کی والدہ کیتھرین اس کمپنی سے 40 بلین ڈالر کا مطالبہ کر رہی ہیں

مائیکل جیکسن کے مقدمے میں جیوری کی تصاویر لینے والے ایک بلاگر کا کیمرہ ضبط کر لیا گیا ہے۔

ولیم ویگنر نامی اس فوٹوگرافر کو عدالت میں تصاویر اتارنے کے بعد عمارت میں داخل ہونے پر بھی پابندی لگا دی گئی۔

ولیم مائیکل جیکسن کے خاندان کی جانب سے اے ای جی لائیو سے ہرجانے کے لیے دائر کیے جانے والے اس مقدمے کی ہر سماعت میں آتے تھے۔

مائیکل جیکسن کی والدہ کیتھرین اس کمپنی سے 40 بلین ڈالر کا مطالبہ کر رہی ہیں ان کا کہنا ہے کہ کمپنی نے مائیکل جیکسن کے ڈاکٹر کونارڈ مرے کے بارے میں کوئی تحقیقات نہیں کی اور مائیکل جیکسن کی صحت سے متعلق وارننگ کو نظر انداز کیا۔

یہ مقدمہ اپریل سے جاری ہے اور اس کے لیے سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں ججز ہر روز یاد دلاتے ہیں کہ فوٹوگرافی کی اجازت نہیں ہے۔

ولیم ویگنر کا کہنا ہے کہ انہوں نے غلطی سے تصویر اتاری ہے اور انکے عمارت میں داخل ہونے پر پابندی نہ لگائی جائے کیونکہ وہ اس کیس کو کور کر رہے ہیں۔

اس سے پہلے ولیم ویگنر 2005 میں مائیکل جیکسن کے خلاف بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے کیس میں بھی موجود تھے۔انہوں نے استغاثہ پر دنیا سےحقائق چھپانے کا الزام لگایا تھا۔

اس کے بعد سے انہوں نے اس مقدمے کی سماعت کے بارے میں ایک دستاویزی فلم بنانے کے لیے دس ملین ڈالر جمع کرنے کی مہم شروع کی تھی۔ اس مقدمے میں مائیکل جیکسن بری ہو گئے تھے۔