بالی وڈ راؤنڈ اپ
’تیسری قسم‘ فلم پر تنازع

بھارت کی شمالی ریاست بہار کی حکومت پر 60 کی دہائی کی معروف فلم ’تیسری قسم‘ کے مالکانہ حقوق کی خلاف ورزی کا الزام ہے۔
’تیسری قسم‘ کے پروڈیوسر اور نغمہ نگار شیلندر کے چھوٹے بیٹے دنیش شنکر شیلندر نے ریاست کے چیف سیکرٹری کو حال ہی میں ایک ای میل بھیج کر اعتراض کیا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ فلمساز سے اجازت لیے بغیر ریاستی حکومت کی طرف سے گرام پنچایتوں میں اس فلم کو دکھایا جا رہا ہے، جو ’کاپی رائٹ ایکٹ‘ کی خلاف ورزی ہے۔
بہر حال بہار کی حکومت نے اس الزام کی تردید کی ہے۔ اس فلم میں راج کپور اور وحیدہ رحمان نے اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔
سنی لیون: ریپ کے لیے فحش فلمیں ذمہ دار نہیں

جب سے بھارتی دارالحکومت دہلی میں پانچ سال کی بچی کے ساتھ ریپ کے ملزم نے موبائل فون پر پورن کلپ دیکھنے کی بات کہی تب سے لوگ یہ سوال کر رہے ہیں کہ کیا فحش فلمیں اور کلپ جنسی جرائم کی ذمہ دار ہیں؟
لیکن امریکی پورن کا ایک معروف چہرہ رہنے والی بھارت کی سنی لیون کا کہنا ہے کہ ’یہ خیال بلکل بکواس ہے‘۔
ایک ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا’پورن فلمیں صرف ظاہری لطف کے لیے ہے اسے اصل سمجھ لینا بڑی بے وقوفی ہوگی۔ ریپ جیسے سنگین جرم کے لیے پورن کو ذمہ دار ٹھہرانا جائز نہیں۔ ایسے حادثات روکنے کے لیے والدین کو اپنے بچوں میں غلط اور صحیح کی تمیز پیدا کرنا چاہیے۔‘
واضح رہے کہ سنی لیون نے گزشتہ سال فلم جسم ٹو کے ساتھ بالی وڈ میں قدم رکھا اور اس کے بعد انھوں نے پورن فلموں میں کام نہیں کیا ہے۔
ودیا بالن کا نام کانز فلم فسٹیول کے منصفین میں

اپنے بے باک انداز اور اور منجھی ہوئی اداکاری کے لیے معروف بالی وڈ کی اداکارہ ودیا بالن کا نام اس سال کانز فلم فسٹیول کے منصفین میں شامل ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
واضح رہے کہ کانز فلم فسٹیول فرانس میں ہر سال منعقد کیا جاتا ہے جس میں دنیا بھر سے آئي فلموں کی نمائش کی جاتی ہے۔
اس سال 66 ویں فلم فسٹیول کے منصفین میں ہالی وڈ کے معروف ہدایت کار سٹیون سپیل برگ کے علاوہ ہدایتکار اینگ لی اور اداکارہ نکول کڈمین بھی شامل ہیں۔
بالی وڈ کی کئی اہم شخصیات جیسے ہدایت کار انوراگ کشیپ اور شیکھر کپور نے انہیں ٹوئٹ کے ذریعے مبارکباد دی ہے۔
اس سے قبل کانز فلم فسٹیول کے ججز میں شرمیلا ٹیگور اور شیکھر کپور بھی شامل رہ چکے ہیں۔







