ممبئی میں پاکستانی بینڈ ’جل‘ کا شو منسوخ

بھارتی شہر ممبئی میں پاکستانی میوزک بینڈ ’جل‘ کا كنسرٹ آخری لمحوں میں یہ کہہ کر منسوخ کر دیا گیا کہ اس کے لیےحکومت نے اجازت نہیں دی تھی۔
لیکن اس کی اصل وجہ کیا تھی کسی کو نہیں معلوم کیونکہ بینڈ کے ارکان بھی حقیقت سے آگاہ نہیں۔
اس بارے میں بی بی سی نے میوزک بینڈ کے ایک رکن گوہر سے بات چيت کی تو انہوں نے کہا ’ہمیں پہلے اجازت ملی تھی، لیکن عین موقع پر بتایا گیا کہ اجازت نہیں مل پائی۔ ہمیں وجہ تو یہی بتائی گئی ہے لیکن ہمیں پتہ نہیں کہ اصل میں کیا ہوا۔ ابھی صورتحال واضح نہیں ہے۔‘
گوہر کے مطابق شو منسوخ ہونے کی وجہ سے ان کے بینڈ کے تمام رکن خاصے مایوس ہیں۔ اب پاکستانی بینڈ جل کا شو دلی میں پانچ اپریل کو ہونا ہے۔
گوہر کو امید ہے کہ دلی میں اس طرح کے مسائل نہیں آئیں گے۔ ممبئی میں شو نہ کر سکنے کی مایوسی گوہر کی باتوں میں صاف جھلک رہی تھی لیکن انہوں نے امید ظاہر کی کہ انہیں اس شہر میں پرفارم کرنے کا موقع ضرور ملے گا۔
انہوں نے مزید کہا ’بھارت میں ہمیں اس سے پہلے اس طرح کی کوئی دقت نہیں آئی یہاں ہمارے چاہنے والے بڑی تعداد میں ہیں۔ ہم بھی بھارتی فنکاروں سے محبت کرتے ہیں۔‘
ان سے جب یہ پوچھا گيا کہ کیا بھارت میں پر پرفارم کرنے پر کبھی سکیورٹی کا کوئی مسئلہ سامنے آیا تو انہوں نے اسے سرے سے خارج کر دیا۔
انہوں نے کہا ’ہمیں کبھی یہاں خطرہ محسوس نہیں ہوا۔ ہم یہاں بالکل محفوظ محسوس کرتے ہیں۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
گوہر نے اس بات پر بھی خوشی کا اظہار کیا کہ علی ظفر جیسے پاکستانی فنکاروں کو بالی ووڈ میں کافی مواقع مل رہے ہیں اور وہ اس کے لیے بھارتی فلم انڈسٹری کو کریڈٹ دیتے ہیں۔







