
رپورٹ کے مطابق برطانوی فلموں جیسے ہیری پوٹر، شرلوک ہومز اور کنگز سپیچ جیسی فلموں کا کاروبار اہم رہا
ایک آزادانہ رپورٹ کے مطابق سنہ دو ہزار گیارہ میں برطانوی فلم انڈسٹری نے ملک کی مجموعی پیداوار کی قدر میں چار اشاریہ چھ ارب پاؤنڈ کی ذمہ دار تھی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس صنعت نے گذشتہ بیس سالوں میں کافی ترقی کی ہے۔
رپورٹ شائع کرنے والے ادارے آکسفورڈ اکنامکس کا کہنا ہے کہ برطانوی فلموں کی تعداد اسّی کی دہائی میں اوسطً تینتالیس سے بڑھ کر گذشتہ دہائی میں ایک سو چھتیس ہوگئی ہے۔
سنہ دو ہزار گیارہ میں برطانوی معیشت کی کل قدر ایک ہزار پانچ سو ارب پاؤنڈ کے لگ بھگ تھی یعنی فلم کی صنعت اس کا صفر اشاریہ تین فیصد حصہ بنی۔
ملک کی مجموعی پیداوار ملک میں بنائی جانے والی تمام اشیا اور پیش کی جانے والی تمام سروسز کی مشترکہ قدر کا پیمانہ ہوتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق برطانوی باکس آفس سے آمدنی گذشتہ سال اکتالیس کڑوڑ پاؤنڈ کے ساتھ تاریخ کی اونچی ترین سطح پر پہنچ گئی جس میں ہیری پوٹر، شرلوک ہومز اور کنگز سپیچ جیسی مقبول فلموں کا اہم کردار ہے۔
برطانوی فلم انڈسٹری کے بارے میں شائع ہونے والی گذشتہ رپورٹ سنہ دو ہزار نو میں آکسفورڈ اکنامکس نے ہی شائع کی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ صنعت نے معیشت میں چار اشاریہ پانچ ارب پاؤنڈ ڈالے۔
حالیہ رپورٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ عالمی معاشی بحران کے باوجود برطانوی فلم انڈسٹری ترقی کر رہی ہے۔
سنہ دو ہزار نو کے مقابلے میں اس صنعت میں نوکریوں کی تعداد میں بھی تقریباً ساڑھے سترہ ہزار کا اضافہ ہوا ہے۔
ایک اندازے کے مطابق فلموں میں برطانیہ کی عکاسی کی وجہ سے ملکی معیشت میں سیاحت نے ایک ارب پاؤنڈ کا اضافہ کیا۔
اس کے برعکس برطانیہ میں فنون کی ایک اور صنعت، موسیقی، نے دو ہزار گیارہ میں تین اشاریہ آٹھ ارب پاؤنڈ کا کاروبار کیا۔






























