بالی وڈ راؤنڈ اپ
بالی وڈ راؤنڈ اپ
اس مواد کو دیکھنے/سننے کے لیے جاوا سکرپٹ آن اور تازہ ترین فلیش پلیئر نصب ہونا چاہئیے

شرلن چوپڑا پلے بوائے میگزین کے لیے تصویر کھچوانے والی پہلی بھارتی اداکارہ ہیں
کوئی طوائف کہے تو کہے
پلے بوائے میگزین کے لیے فوٹو کچھوانے والی پہلی بھارتی اداکارہ شرلن چوپڑا کا کہنا ہے کہ وہ زندگی میں اپنے دم پر بہت زیادہ پیسہ کمانا چاہتی ہیں اور یہی وجہ ہے کہ وہ اس کے لیے عریاں تصویریں کچھوانے سے بھی گریز نہیں کریں گی۔
جب سے یہ بات یہ سامنے آئی ہے کہ شرلن چوپڑا پلے بوائے میگزین کے کور پر برہنہ نظر آئیں گی تو سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس پر ان کے خلاف ایک مہم سے شروع ہوگئی ہے۔ سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس پر لوگوں نے ان کے بارے میں لکھا ہے ’ کیا تم ایک طوائف ہو‘ ؟ ’ کیا تم پیسوں کے لیے کسی کے ساتھ ہم بستر ہوجاؤگی؟‘ وغیرہ وغیرہ۔۔۔ شرلن سے جب ایسے تاثرات کے بارے میں پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا ’اگر کسی کو مجھے طوائف کہنے سے آزادی کا احساس ہوتا ہے تو وہ صحیح ہے‘۔
سری دیوی کی واپسی

سری دیوی نے بالی وڈ پرڈیوسر بونی کپور سے شادی کی ہے
چاندنی، لمحے، مسٹر انڈیا اور صدمہ جیسی بہترین اور مقبول ترین فلموں میں کام کرنے والی اداکارہ سری دیوی نے پندرہ برس بعد بالی وڈ میں واپسی کی ہے۔ سری دیوی جلدی ہی ’انگلش ونگلش‘ نامی فلم میں اہم کردار میں نظر آئیں گی۔
سری دیوی نے اب سے پندرہ برس پہلے بالی وڈ پرڈیوسر اور انل کپور کے بڑے بھائی بونی کپور سے شادی کرکے فلموں کو الوداع کہہ دیا تھا۔ شری دیوی کا کہنا ہے کہ دو اپنی بیٹیوں کی پرورش اور ازدواجی زندگی میں مصروف تھیں اس لیے فلموں میں ادکاری کے لیے وقت نہیں نکال پائیں۔ ان کی بڑی بیٹی جانوی تیرہ برس کی ہے اور چھوٹی بیٹی آٹھ برس کی۔ سری دیوی اپنے وقت کی نمبر ون اداکارہ تھیں۔ ان کی آنے والی فلموں سے ان کے شائقین کو کچھ امید ہو یا نہ ہو لیکن وہ اتنا جانتے ہیں کہ اداکاری تو سری دیوی جیسی کم ہی لوگ کرسکتے ہیں۔
ٹائیگر نے توڑے سارے ریکارڈز

گزشتہ تین برس سے سلمان خان کی ہر فلم ہٹ ثابت ہورہی ہے
سلمان خان کی نئی فلم ’ایک تھا ٹائیگر‘ اس ہفتے یوم آزادی پر ریلیز ہوئی ہے۔ فلم نے گزشتہ دو دنوں میں تقریبا پچاس کروڑ کا کاروبار کیا ہے جو کہ ایک ریکارڈ مانا جارہا ہے۔
فلم کی کہانی ایک ایسے بھارتی خفیہ ایجنٹ کی ہے جسے ایک پاکستانی لڑکی سے پیار ہوجاتا ہے۔ فلم کی ریلیز سے پہلے سلمان خان نے کہا تھا کہ وہ نروس ہیں کہ فلم ہٹ ہوگی یا نہیں کیونکہ اس سے پہلے ان کی تین فلمیں ریلیز ہوئی ہیں اور تینوں ہٹ ثابت ہوئی ہیں۔
سلمان خان کو ’ماسیز یعنی عوام‘ کا ہیرو کہا جاتا ہے اور مانا جاتا ہے کہ سلمان خان کے مداح ان کی فلم کا بے تابی سے انتظار کرتے ہیں اور وہ جو بھی فلم پیش کریں گے وہ ہٹ ہی ہوگی۔
کتنے دن ہوئے بہار نہیں گئی

سوناکشی سنہا اداکار شتروگھن سنہا کی بیٹی ہیں
اداکارہ سوناکشی سنہا جب سے بالی وڈ میں آئی ہیں تب سے یہی سنتے ہیں کہ انہیں پارٹی کرنے کا وقت نہیں ہے۔ انہیں دوستوں سے ملنے کا وقت نہیں ہے۔ اب خبر آئی ہے کہ وہ تقریبا تین برسوں سے اپنے آبائی وطن بہار نہیں گئی ہیں۔ سوناکشی سنہا اداکار شتروگھن سنہا کی بیٹی ہیں اور ان کا تعلق بہار سے ہے۔ شتروگھن کی بیٹی ہونے کی وجہ سے سناکشی سنہا بہار میں بے حد مقبول ہیں۔
سوناکشی کا کہنا ہے کہ وہ کتنے دنوں سے بہار جانے کا پروگرام بنا رہی ہیں لیکن کسی نہ کسی وجہ سے جانا نہیں ہوپاتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اپنی نئی فلم ’جوکر‘ کی تشہیر کے لیے وہ بہار جانے والی تھیں لیکن اس بار بھی بات نہیں بنی۔






























