راز 3: ’بپاشا کی اصل زندگی کی کہانی‘

،تصویر کا ذریعہ official website
مہیش بھٹ کی آنے والی فلم راز تھری کی کہانی ایک ایسی ہیروئین کی ہے، جو ٹاپ پر ہوتی ہے لیکن ایک نئی اداکارہ کے آنے کے بعد وہ اس سے خطرہ محسوس کرتی ہے، اور اس پر کالا جادو کرتی ہے، تاکہ وہ اپنے کیریئر پر آئے ’خطرے‘ کو دور کر سکے۔
فلم میں اداکارہ بپاشا باسو نے اہم کردار ادا کیا ہے اور فلم کے پروڈیوسر مہیش بھٹ کے مطابق ایک طرح سے فلم کی کہانی بپاشا باسو کی اصل کہانی ہے۔
فلم کے بارے میں بات کرتے ہوئے مہیش بھٹ نے کہا، ’ہم نے اس فلم کو بنانے کے بارے میں جب سوچا، تو بپاشا کا کیریئر کچھ خاص نہیں چل رہا تھا۔ ذاتی زندگی میں بھی وہ ٹوٹی ہوئی تھیں۔ ان کا کسی خاص سے رشتہ ٹوٹا تھا۔‘
’ میں نے بپاشا سے کہا کہ جب تک تم اس فلم میں اپنی اصل زندگی کی سچائی نہیں ڈالو گي، فلم میں بات نہیں بنے گی۔ کیونکہ تم خود اکیلی ہو، تنہا ہو، تمہاری سٹارڈم کو جھٹکا لگا ہے۔ تمہاری فلمز نہیں چل رہی ہیں اور جو نئی لڑکیاں آئی ہیں، وہ تم سے اچھا کر رہی ہیں۔‘
’ اگر تم اس حقیقت کو پردے پر لا سکو، تو اچھا ہوگا‘۔ مہیش بھٹ کے مطابق، بپاشا نے اسی وجہ سے فلم میں بہترین کام کیا ہے۔
راز 3، تھري ڈي فلم ہے جو سات ستمبر کو ریلیز ہو رہی ہے۔ فلم کی ہدایات مہیش بھٹ نے دی ہیں۔ بپاشا کے علاوہ اس میں ایشا گپتا بھی اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
اس کے علاوہ مہیش بھٹ نے اپنی فلم جسم 2 کا بھی ذکر کیا، جسے ان کی بیٹی پوجا بھٹ نے ہدایت کی ہے۔ فلم میں پورن اسٹار سنی ليوني نے اہم کردار ادا کیا۔
مہیش بھٹ نے فلم پر ہونے والے تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ فلم 12 کروڑ کے بجٹ میں بنی اور اس نے پہلے اختتام ہفتہ تک 21 کروڑ کا بزنس کر لیا اور وہ اس سے خوش ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
مہیش بھٹ نے کہا کہ بڑی عجیب بات ہے کہ جب وہ فلم بنا رہے تھے تو لوگوں نے کہا کہ کیسی بولڈ فلم بنا رہے ہو اور اب فلم دیکھنے کے بعد لوگ کہہ رہے ہیں کہ کیسی فلم ہے، اس میں بولڈ سین تو ہیں ہی نہیں۔
مہیش بھٹ نے یہ بھی کہا کہ آج کل کے دور میں اگر فلم کو اچھی اوپننگ نہیں ملتی تو اس کا بعد میں کامیاب ہونا بہت مشکل ہوتا ہے۔ سارا کھیل شروع کے تین دن کا ہے۔







