کولاویری کے بعد سچن کا ترانہ

سچن سے ملاقات کرنا دھنش کی بڑی خواہشات میں سے ایک ہے

،تصویر کا ذریعہVideo Grab

،تصویر کا کیپشنسچن سے ملاقات کرنا دھنش کی بڑی خواہشات میں سے ایک ہے

كولاویري ڈی نامی گیت کی زبردست کامیابی کے بعد اب جنوبی بھارت کے اداکار و گلوکار دھنش نے بھارتی کرکٹر سچن تندولکر پر ایک گیت تیار کیا ہے۔

بی بی سی ہندی سے ایک خصوصی بات چیت میں دھنش نے بتایا کہ ’بھارت میں ہر کوئی سچن کا مداح ہے اور میں خود بھی ان کا بہت بڑا مداح ہوں۔ ایک پروڈکٹ کمپنی نے مجھے سچن کے لیے ترانہ بنانے کی ذمہ داری سونپی‘۔

ان کے مطابق ’سچن کے لیے ترانہ بنانا میرے لیے فخر کی بات ہے۔ تو میں نے فورا ہاں کر دی اور کہا کہ میں اس کے لیے معاوضہ نہیں لوں گا‘۔

دھنش کہتے ہیں کہ اس نغمے کے لیے اس سے منسلک تمام لوگوں میں ایک الگ جوش تھا اور وہ کچھ زیادہ ہی جوش میں تھے۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا سچن نے ان کا یہ گانا سنا ہے تو دھنش نے کہا، ’مجھے ابھی اس بارے میں نہیں پتہ ہے لیکن میرا مقصد یہ کبھی نہیں رہا بھی نہیں۔ میرا مقصد صرف اتنا تھا کہ میں ایک ایسا گانا بنا پاؤں جو سچن کے تمام چاہنے والے ایک ساتھ گا سکیں‘۔

سچن سے ملاقات کرنا دھنش کی بڑی خواہشات میں سے ایک ہے اور ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ اگر کسی کے لیے کوئی ترانہ بنا سکتے تھے تو صرف سچن ہیں اس کے علاوہ وہ کسی بھی کھلاڑی کے لیے ایسی کوئی چیزنہیں بنا پائیں گے۔

واضح رہے کہ دھنش سپر سٹار رجني كانت کے داماد ہیں اور ان کے نغمے ’كولاویري ڈی‘ انٹرنیٹ پر بے حد مقبول ہوا تھا۔ اسی نغمے کے بعد دھنش اپنی ایک الگ پہچان بنانے والے میں کامیاب ہوئے تھے۔