ہیری پوٹر سیریز کی آخری فلم کا پریمئیر

ہیری پوٹر

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشنہیری پوٹر کی مصنفہ جے کے راؤلنگ مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئیں

دیو مالائی کہانیوں پر مبنی ہیری پوٹر سیریز کی آخری فلم لندن میں نمائش کے لئے پیش کر دی گئی ہے۔

<link type="page"><caption> لندن میں فلم کے پریمیئر کی تصاویر</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/urdu/entertainment/2011/07/110708_potter_premier_fz.shtml" platform="highweb"/></link>

لندن میں’ ہیری پوٹراینڈ ڈیتھلی ہالوز‘ کے دوسرے حصے کا پریمئیر ہوا۔

ایک جادوگر لڑکے ہیری پوٹر سے متعلق بے انتہا مقبول کہانیوں کے مداح ٹرافالگر سکوائر پر ہلکی بارش کے دوران اس فلم کے ستاروں کو ریڈ کارپٹ پر دیکھنے کے لیے کھڑے رہے۔

کئی شائقین نے اس فلم کے کرداروں کی طرح لباس پہن رکھے تھے اور بہت سے لوگ تو کئی دنوں سے وہاں خمیے لگائے بیٹھے تھے۔

ہیری پوٹر پریمیئر

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشنفلم کے ستاروں کو دیکھنے کے لئے لوگ کئی دنوں سے خمیے لگائے بیٹھے تھے

قریب ہی موجود ایک سڑک کو ‘ڈائگونل ایلے’ کی شکل دی گئی ہے جو کہانی کے مطابق جادوگروں کا ایک بازار ہے۔

مصنفہ جے کے راؤلنگ کی کتاب پر بنائی گئی یہ آٹھویں فلم ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ وہ قارئین کےخلوص پر نہ صرف فخر کرتی ہیں بلکہ اس سے انہیں تحریک ملتی ہے۔

اس موقع پر جے کے رولنگ ٹرافالگر سکوائر پر جمع ہزاروں مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئیں۔

فلم کے ستاروں نے شائقین کو آٹوگراف دینے میں تین گھنٹے سے زیادہ کا وقت صرف کیا۔

ہیری پوٹر

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشنڈینئل ریڈ کلف گیارہ برس کی عمر سے ہیری پوٹر کا کردار ادا کر رہے ہیں

اس فلم میں ہیری پوٹر کا مرکزی کردار ادا کرنے والے ڈینئل ریڈکلف نے اپنے مداحوں سے کہا ’وہ تمام عمر ان کے ساتھ رہیں گے‘۔

واضح رہے کہ ڈینئل ریڈکلف گیارہ سال کی عمر سے یہ کردار نبھا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا ’میں ہیری پوٹر کی اس آخری فلم پر فخر کرتا ہوں‘۔

اس سے پہلے ہیری پوٹر سیریز کی فلم ’ ہیری پوٹراینڈ ڈیتھلی ہالوز پارٹ ون‘ برطانیہ میں بزنس کے نئے ریکارڈ قائم کر چکی ہے۔