قطرینہ کا انکار، سلمان سے گزارش

    • مصنف, ریحانہ بستی والا
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ممبئی

سلمان خان

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشناب سلمان یش راج فلمز کی پہلی پسند ہیں

سلمان سے گزارش

سلمان کو منانا آسان کام نہیں ہے۔ ویسے بھی ’وانٹیڈ‘ اور ’دبنگ‘ کی باکس آفس پر ریکارڈ توڑ آمدنی کے بعد سلو آج کل فلم انڈسٹری میں بہت ڈیمانڈ میں ہیں اسی لیے تو یش راج فلمز جیسی کمپنی سلو کو ان کی فلم میں کام کرنے کے لیے راضی کر رہی ہیں۔

دراصل یش راج کمپنی کی فلموں میں کام کرنے کے لیے اداکار فیس کا مطالبہ کرنے کی غلطی بھی نہیں کرتے لیکن سلو کا کہنا تھا کہ اگر انہیں ان کی فیس سے زیادہ رقم ملے گی تب ہی وہ ان کی فلم میں کام کرنے کے لیے تیار ہوں گے۔ بس اب ہدایت کار کبیر خان اور آدتیہ چوپڑہ سلو کے گھر پہنچے اور انہیں فلم کے منافع میں تیس کے بجائے تینتیس فیصد منافع دینے کی پیشکش کی۔ اب بال سلو کی کورٹ میں ہے!

قطرینہ کا انکار

آپ نے اکثر آئی پی ایل میچوں میں کیٹ بے بی کو کھلاڑیوں کو چیئر کرتے دیکھا تھا۔ ویسے وہ ایسا کرنے کے پیسے لیتی تھیں یعنی وہ نامور صنعت کار وجے مالیا کی ٹیم رائل چینلجرز کی برانڈ سفیر تھیں۔ مالیا انہیں اپنی ٹیم کے لیے خوش قسمت مانتے تھے۔ لیکن اب کیٹ بے بی نے برانڈ سفیر بننے سے انکار کر دیا۔ ویسے بڑے ہی آفیشل انداز میں انہوں نے یہ کہا کہ وہ چونکہ فلم ’میرے برادر کی دلہن ‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں اس لیے آئندہ معاہدہ نہیں کر سکتی ہیں لیکن سنا ہے کہ حقیقت تو کچھ اور ہے ۔

قطرینہ کیف

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشنکیٹ اور دیپکا کے درمیان کی تلخیوں سے ہر کوئی واقف ہے

وجے مالیا کے بیٹے سدھارتھ مالیا اور دیپکا پادوکون میں محبت کی پینگیں بڑھ رہی ہیں دونوں ہر میچ میں ساتھ ہی نظر آتے ہیں۔ کیٹ اور دیپکا کے درمیان کی تلخیوں سے فلمی پبلک ’واقف‘ ہے۔ کیٹ نے دیپکا کے پیار کو جو اُن سے چھین لیا ہے۔ آپ کو نہیں لگتا کہ کیٹ بے بی آج کل کچھ زیادہ ہی سمجھدار ہو گئی ہیں؟۔

شاہد کی پارٹی

باندرہ کے ایک ہوٹل میں شاہد کپور کی برتھ ڈے پارٹی پورے عروج پر تھی۔ عامر خان اپنی بیگم ، انیل کپور اپنی بیٹی سونم کپور کے ساتھ ، رانی مکھرجی، اور کئی ستارے پوری مستی میں تھے۔ میوزک اور شوروغل اتنا اونچا ہوا کہ قریب رہنے والوں نے پولیس میں شکایت کر دی لیکن اس سے قبل کہ پولیس پہنچتی عامر کرن راؤ کے ساتھ باہر نکلے اور باہر منتظر میڈیا ان کی کار کے پیچھے ان کی تصاویر کھینچنے پہنچا۔ پولیس کارروائی کیمرے میں قید ہونے سے رہ گئی۔ عامر کا جانا کیا منصوبہ بند تھا؟ اس کا جواب عامر ہی دے سکتے ہیں۔

بپاشا کی کیٹ فائٹ

فلم انڈسٹری میں کیٹ فائٹ چلتی ہی رہتی ہے اور اگر نہ ہو تو آپ کو بھی چٹ پٹی خبریں کیسے ملیں گی۔ خیر بپاشا ناراض ہیں کیونکہ جس فلم کی وہ ہیروئین ہیں اور اس فلم کی تشہیر میں ان کے چرچے کے بجائے فلم میں دیپیکا کے آئٹم رقص کی تعریفوں کے پل باندھے جا رہے ہیں۔ فلم میں دیپکا نے اپنے وقت کا مقبول ترین گیت ’دم مارو دم‘ پر رقص کیا ہے۔ چھوٹا سا سکرٹ پہن کر گوا کے ساحل پر رقص۔ بے بی آپ کو سمجھنا چاہئے کہ آج کل ایسے کپڑوں میں آئٹم رقص ہی فلم کو مقبول کرنے کی گارنٹی بنتے ہیں جیسے منی کی بدنامی اور شیلا کی جوانی۔

دیپیکا پادوکون

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشنشیلا اور منی کے بعد اب ’دم مارو دم‘

امتیاز کا پیار

امتیاز علی کو پہاڑیوں سے عشق ہے۔ اپنی ہر فلم کی شوٹنگ وہ کسی نہ کسی پہاڑی مقام پر ضرور کرتے ہیں۔ جب وی میٹ میں وہ منالی پہنچ گئے تھے اور اب فلم ’راک سٹار‘ کی شوٹنگ وہ ہندستان کی جنت کشمیر کی وادیوں میں کر رہے ہیں۔ رنبیر کپور اور نرگس فخری کے ساتھ بیتاب ویلی اور اس کے بعد گلمرگ کی وادیاں۔ ویسے رنبیر کا بھی قصور نہیں کشمیر کی حسین وادیوں میں کسی حسینہ کے ساتھ پیار کے نغمے گاتے بہکنا لازمی ہے اس لیے کیٹ بے بی رنبیر سے ناراضگی جانے ہی دو!

ودیا کا دل دھڑکا

آخر ودیا بالن کا دل کسی کے لیے دھڑکنے ہی لگا ہے۔ ہر فلم کے ہر ہیرو کے ساتھ بیچارے ودیا کے نام جوڑے جانے کی روایت اب جلد ہی ختم ہو گی کیونکہ ودیا سدھارتھ رائے کپور اب بہت جلد اپنے رشتے کو نام دینے والے ہیں یعنی ان کی منگنی ہو سکتی ہے۔ لیکن کرئیر کا کیا؟ کرینہ اور رانی کی مثال لو۔ قطرینہ کو دیکھو وہ انڈسٹری میں اپنی قیمت کم نہیں کرنا چاہتیں اس لیے شادی نہیں کر رہی ہیں تو پھر کیا آپ کا فیصلہ مناسب ہے؟

خان کی فلم میں لیڈی گاگا

شاہ رخ اُٹھتے بیٹھتے سوتے جاگتے بس ایک ہی خواب دیکھ رہے ہیں اپنی فلم ’را۔ون‘ کو کامیاب کرنے کا۔ خبر ملی ہے کہ وہ اب لیڈی گاگا کو اپنی فلم میں گیت گانے کے لیے سائن کرنا چاہتے ہیں لیکن انہیں منانے کی ذمہ داری انہوں نے ایکون کو دی ہے۔

شاہ رخ خان

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشنشاہ رخ خان فلم ’ڈان ٹو‘ کے نئے گیٹ اپ میں

سری دیوی کی واپسی

سری دیوی کے پرستاروں کے لیے یہ خوشخبری ہی ہے۔ حالانکہ دیوی کے شوہر بونی کپور چاہتے تھے کہ ان کی بیوی فلموں میں واپسی ان کی ہی کسی فلم کے ساتھ کریں لیکن ایسا ہو نہیں سکا اور اب سری دیوی آر بالکی اور ان کی بیوی کی فلم میں کام کرنے کے لیے تیار ہو گئی ہیں۔

علی ظفر کا کارنامہ

ویسے علی ظفر کا اتنی جلدی یش راج فلمز میں کام کرنا ہی ایک کارنامہ ہے لیکن انہوں نے ایک کارنامہ اور کیا ہے وہ ہے قطرینہ کیف کو گانے کے لیے راضی کرنا۔ ’میرے برادر کی دلہن‘ میں حالانکہ علی کے تین نغمے ہیں لیکن علی چاہتے تھے کہ کیٹ اس فلم میں اپنی آواز میں گائیں۔ اب ٹھیک طرح سے ہندی نہ بولنے والی اداکارہ اگر گیت گائے تو! اب اتنا برا بھی نہیں ہو گا جب علی نے تربیت دی ہو۔