گھریلو تشدد: میل گبسن سے تفتیش

میل گیبسن
،تصویر کا کیپشن اب وہ تین سال کی آزمائشی رہائی یا پروبیشن پر ہیں۔

لاس اینجلس پولیس نے تصدیق کی ہے کہ ممتاز اداکار میل گبسن سے گھریلو تشدد کے دعووں کے حوالے سے تفتیش کی گئی ہے۔

کہا جا رہا ہے کہ یہ الزام گبسن کی ایک سابق روسی گرل فرینڈ اوکسانکا گریگوریا کے ایک انٹرویو کے ذریعے سامنے آیا تھا۔

تاہم پولیس کے ترجمان سٹیو ویٹمور تفصیلات میں جانے سے گریز کرتے ہوئے تردید کی ہے اور کہا ہے کہ تحقیقات ابھی ابتدائی مراحل میں ہیں۔

آسکر انعام یافتہ اداکار میل گبسن پہلے ہی اپنی آٹھ ماہ کی بچی لُوسیا کے حصول کے تنازعے میں الجھے ہوئے ہیں۔

لوسیا کے بارے میں عدالتی کارروائی کو خفیہ رکھا جا رہا ہے اور دونوں میاں بیوی نے ایک دوسرے کے خلاف متعین حد سے باہر رہنے کے احکامات حاصل کر رکھے ہیں۔

انیس سو پچانوے میں فلم ’بریوہارٹ‘ پر آسکر حاصل کرنے والے چوّن سالہ میل گبسن کے چالیس سالہ اوکسانکا گریگوریا سے تعلقات ختم ہوئے عرصہ ہو گیا ہے لیکن وہ اس بار میں کبھی سرِ عام بات نہیں کرتے۔

انہوں نے اس بارے میں صرف اتنا کہا ہے کہ اوکسانکا گریگوریا سے ان کے تعلقات اس وقت ہوئے جب ان کی بیوی روبین نے اٹھائیس سال کی شادی کے بعد اپریل دو ہزار نو میں طلاق کے لیے مقدمہ دائر کیا ہوا تھا۔

دور نہ کیے جانے والے اختلافات کی بنا سامنے آنے والا یہ مقدمہ ابھی جاری ہے۔

پولیس دو ہزار چھ میں بھی میل گبسن کو شراب کے نشے میں ڈرائیونگ کے الزام گرفتار کر چکی ہے۔

لیکن معافی مانگنے اب وہ تین سال کی آزمائشی رہائی یا پروبیشن پر ہیں۔