میگوائر اب سپائیڈر مین نہیں بنیں گے

ٹوبی میگوائر
،تصویر کا کیپشنٹوبی میگوائر سپائیڈر مین سیریز کی پہلی تین فلموں کے ہیرو تھے

سپائڈر مین فلم سیریز بنانے والے ادارے نے اعلان کیا ہے کہ اس سیریز کی چوتھی فلم سنہ 2012 میں ریلیز ہوگی اور اس میں گزشتہ تین فلموں میں سپائیڈر مین کا کردار ادا کرنے والے اداکار ٹوبی میگوائر کام نہیں کریں گے۔

سونی پکچرز اور مارول سٹوڈیوز کا کہنا ہے کہ سیریز کی چوتھی فلم نئی کاسٹ اور نئے ڈائریکٹر کے ساتھ بنائی جائے گی۔

.اس نئی فلم میں سپر ہیرو کا کردار نبھانے والے پیٹر پارکر کے ہائی سکول کا زمانہ دکھایا جائے گا۔

یہ اعلان ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب یہ خبریں گردش میں ہیں کہ سپائیڈر مین 4 کی شوٹنگ سکرپٹ میں تبدیلی کی وجہ سے رک گئی ہے۔

ٹوبی میگوائر نے اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’مجھے اس سب پر فخر ہے جو میں نے سپائیڈر مین فرنچائز کے ساتھ گزشتہ ایک دہائی میں حاصل کیا ہے‘۔ ان کا کہنا ہے کہ ’فلم سے کہیں زیادہ میں نے گہرے دوست بنائے ہیں‘۔

سپائیڈر مین سیریز کی تین فلموں کے ڈائریکٹر ریامی کا کہنا ہے کہ ’ سپائیڈر مین موویز پر کام کرنا میری زندگی کا بہترین لمحہ تھا‘۔

سونی پکچرز کا کہنا ہے کہ وہ آنے والے ہفتوں میں فلم کے حوالے سے مزید معلومات فراہم کرے گی۔

سپائیڈر مین سیریز کی پہلی تین فلمیں بالترتیب سنہ دو ہزار دو، دو ہزار چار اور دو ہزار سات میں ریلیز ہوئی تھیں اور ان تینوں نے مجموعی طور پر دو اعشاریہ پانچ ارب ڈالر کا کاروبار کیا تھا۔