آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
کوک سٹوڈیو کی ’پسوڑی‘ گرل شے گل: ’اندازہ تھا لوگوں کو گانا پسند آئے گا لیکن یہ نہیں پتا تھا کہ میں بھی اتنی پسند آؤں گی‘
’پسوڑی‘ کوک سٹوڈیو کے سیزن 14 کے مقبول ترین گانوں میں سے ایک ہے۔ جہاں یہ گانا علی سیٹھی کی جادوئی آواز اور اپنی بیٹ کے باعث شائقین موسیقی کو پسند آیا ہے وہیں اس گانے میں علی سیٹھی کے ساتھ شریک نوجوان گلوکارہ، جنھیں کوک سٹوڈیو نے اپنے رواں سیزن میں متعارف کروایا ہے، کی گائیکی بھی اس گانے کی مقبولیت کی ایک وجہ ہے۔
انسٹاگرام پر شے گل کے نام سے جانی جانے والی 23 سالہ گلوکارہ نے بھی علی سیٹھی کے ساتھ ’پسوڑی‘ گانے میں اپنی آواز کا جادو جگایا جسے شائقین نے بہت پسند کیا ہے۔ علی سیٹھی نے تو شے گل کو پاکستان کی ’دعا لیپا‘ کا نام دیا۔
مگر پسوڑی سے شہرت حاصل کرنے والی شے گل کون ہے، انھوں نے گلوکاری کا آغاز کیسے کیا اور اپنی موجودہ پذیرائی کو وہ کیسے دیکھتی ہیں؟ ان تمام سوالات کا جواب جاننے کے لیے صحافی براق شبیر نے بی بی سی اُردو کے لیے اُن سے خصوصی گفتگو کی ہے۔
’یہ سب تفریح کے لیے شروع کیا تھا‘
اپنے گلوکاری کے سفر اور کوک سٹوڈیو تک پہنچے کے بارے میں بات کرتے ہوئے شے گل نے بتایا کہ ’میں اور میری ایک دوست یونیورسٹی ہاسٹل میں رہتے تھے جہاں سے گانے کا آغاز ہوا۔‘
وہ بتاتی ہیں کہ انھیں گنگنانے کی عادت تھی اور ہاسٹل میں فارغ اوقات میں وہ اکثر اپنی دوست کے کمرے میں موجود رہتی تھیں۔
’ایک دن ہم ہاسٹل میں بور ہو رہے تھے تو شغل کے لیے ہم نے انسٹاگرام پر گانے کی ویڈیو اپلوڈ کر دی۔‘
وہ بتاتی ہے کہ شے گل انسٹاگرام پیج شروع کرنے کا خیال بھی اُن کی دوست کا تھا اور اس وقت یہ سب فقط تفریح کے لیے تھا۔ شے گل انسٹاگرام پیج مئی 2019 میں شروع کیا گیا تھا اور اب اس کو شروع ہوئے دو سال سے زائد ہو چکے ہیں۔
شے گل نے بتایا کہ ’ابتدا میں میں پیج پر گانے کی ویڈیو صرف اس وقت پوسٹ کرتی تھی جب میرے لیے آسانی ہوتی تھی یا گانے کا دل ہوتا تھا۔ اکثر لوگ یہ شکایت کرتے تھے کہ آپ اتنی دیر بعد ویڈیو کیوں لگاتی ہیں۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
شے گل کی ایک ویڈیو انٹرنیٹ پر بہت وائرل ہوئی ہے جس میں ان کا پسوڑی کی ویڈیو کو پہلی مرتبہ دیکھنے پر ردعمل دیکھا جا سکتا ہے۔
اس بارے میں بار کرتے ہوئے شے گل کا کہنا تھا کہ ’لوگوں کو لگ رہا ہے کہ وہ میرے گھر والے ہیں لیکن وہ میری سب سے اچھی دوست ایمان ہے، اور ساتھ اس کا بھائی ہے۔‘ وہ کہتی ہیں کہ ’شے گل انسٹاگرام پیج میں نے اور میری دوست ایمان نے اکٹھا شروع کیا تھا اور میں نے یہ سوچ رکھا تھا کہ میں پسوڑی کی ویڈیو ایمان کے ساتھ دیکھوں گی۔‘
’اس لیے میں اس کے اپارٹمنٹ گئی اور پھر اس کے ساتھ پہلی مرتبہ ویڈیو دیکھی، اس کے بعد ہمارا جو ردعمل تھا وہ آپ سب کے سامنے ہے۔‘
’کوک سٹوڈیو میں گانے کی آفر کو ہضم کرنے میں وقت لگا‘
جب پاکستان میں موسیقی کے ایک بڑے پلیٹ فارم ’کوک سٹوڈیو‘ کی جانب سے آپ کو گانے کے لیے رابطہ کیا گیا تو آپ کا کیا ردعمل تھا؟
اس سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ’جب مجھے کوک سٹوڈیو نے گانے کے لیے بولا، تو میں نے اس وقت صرف شکریہ کہا، اس وقت میں خوشی سے دیوانی نہیں ہوئی لیکن مجھے یقین بھی نہیں آ رہا تھا۔ مجھے اس کو ہضم کرنے میں کچھ وقت لگا۔‘
’کوک سٹوڈیو کے پروڈیوسر ذوالفقار جبار خان (زلفی) نے میرے انسٹاگرام پیج کو دیکھا کہ میں کیسا گا رہی ہوں اور انھیں میرا گانا پسند آیا۔ پھر انھوں نے انسٹاگرام پر رابطہ کیا اور کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ آپ کوک سٹوڈیو کے لیے گائیں۔ بس پھر باقی سب تاریخ کا حصہ ہے۔‘
وہ بتاتی ہیں کہ ’کوک سٹوڈیو نے بس یہ کہا تھا کہ وہ کچھ ہفتوں بعد بتائیں گے کہ میں کس کے ساتھ گانا گاؤں گی اور جب انھوں نے مجھے بتایا کہ مجھے علی سیٹھی کے ساتھ گانا ہے تو اس وقت میں بہت خوش تھی کیونکہ مجھے علی سیٹھی کے ساتھ گانے کا موقع ملنے والا تھا۔‘
علی سیٹھی کے ساتھ کام کرنے کے تجربے پر بات کرتے ہوئے شے گل کا کہنا ہے کہ ’اُن کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ بہت اچھا رہا اور وہ بہت اچھے ہیں۔‘
’اکثر جب نئے گلوکار ایک بڑے آرٹسٹ کے ساتھ کام کرتے ہیں تو وہ بہت نروس محسوس کرتے ہیں لیکن علی سیٹھی ایک عاجز انسان ہیں، وہ میرے ساتھ بہت اچھے سے پیش آئے، ان کے پاس موسیقی کا بہت علم ہے اور جب وہ موسیقی کے متعلق بات کر رہے ہوتے ہیں تو اسے سننے کا دل چاہتا ہے۔‘
’محلے والے اور ہمسائے بہت خوش ہیں، بہت دعائیں ملیں‘
کوک سٹوڈیو سے پہلے اور ’پسوڑی‘ کے بعد آپ کے اندر کے موسیقار میں کیا تبدیلی آئی ہے؟ اس پر ان کا کہنا تھا کہ پسوڑی یا کوک سٹوڈیو سے پہلے میں موسیقی کے متعلق بہت زیادہ سنجیدہ نہیں تھی لیکن اس کے بعد سے میں نے اس کو سنجیدگی سے لیا ہے اور مجھے اس میں اتنا مزہ آیا اور میرا دل چاہ رہا ہے کہ میں اس کو پیشہ وارانہ انداز میں اپناؤ اور اب میں اس میں مزید محنت کروں گی۔
ایک سوال کے جواب میں شے گل کا کہنا تھا کہ ’بچپن میں کبھی مجھے گلوکار بننے کا شوق تھا لیکن آگے چل کر میں نے اس بارے میں سوچنا چھوڑ دیا تھا۔‘
یہ بھی پڑھیے
کوک سٹوڈیو میں پرفارم کرنے کے بعد آپ کے دوستوں اور خاندان کا کیا ردعمل تھا، کیا انھوں نے اس کو قبول کیا؟ شے گل نے بتایا کہ ’ان کے گھر والے نے اس میں ان کی بڑی حوصلہ افزائی کی ہے۔ محلے والے اور ہمسائے بھی بہت خوش ہوئے تھے جب پسوڑی ریلیز ہوا اور تب سے کامیابی کے لیے بہت دعائیں ملی ہیں۔‘
’لوگوں کی توقعات سے ڈر لگتا ہے‘
’یقیناً میں بہت خوش ہوں لیکن مجھے تھوڑا ڈر بھی لگ رہا ہے کیونکہ لوگوں کی توقعات اتنی زیادہ ہو گئی ہیں۔ میرا پہلا ہی گانا کوک سٹوڈیو پر آ گیا ہے تو اپ سوچ رہی ہوں کہ آگے کیا کروں جو اس کے پائے کا ہو۔‘
وہ کہتی ہیں کہ ’مجھے لگ رہا ہے کہ شاید اب غلطیوں کی گنجائش کم ہے۔‘
’میں کلاسیکی موسیقی سیکھنا چاہتی ہوں‘
مستقبل کے کیا منصوبے ہیں؟ اس متعلق بات کرتے ہوئے شے گل کا کہنا تھا کہ کچھ چیزوں پر کام چل رہا ہے اور کچھ زیر غور ہیں لیکن ابھی میں اس بارے میں زیادہ بات نہیں کر سکتی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’میں کلاسیکی موسیقی سیکھنا چاہتی ہوں اور لکھنا چاہتی ہوں۔ تو بس اب یہ سب کچھ شروع کروں گی۔‘
اپنی تعلیم کے متعلق بات کرتے ہوئے انھوں نے بتایا کہ وہ اکنامکس کی تعلیم حاصل کر رہی ہیں اور رواں برس جولائی میں ان کی ڈگری مکمل ہو جائے گی۔
’فیشن شوٹ کا تجربہ اچھا رہا مگر چار انچ کی ہیلز پہننا پڑی‘
پسوڑی کے علاوہ حال ہی میں فیشن ڈیزائنر حسین رہار کے لیے بھی ایک فیشن شوٹ کرنے کے تجربے کے بارے میں بات کرتے ہوئے شے گل نے بتایا کہ ’یہ میری خوش قسمتی تھی کہ مجھے اتنے بڑے ڈیزائنر نے کہا کہ وہ کیرئر اورنٹیڈ وویمن کے حوالے سے کوئی کیمپین کر رہے ہیں، تو میں نے ہاں کی کیونکہ ان کے تمام تیار کردہ کپڑے بہت ہی خوبصورت اور اچھے ہوتے ہیں۔‘
وہ اس بارے میں مزید کہتی ہیں کہ ’میرا یہ تجربہ اچھا رہا، بس مجھے ہیلز پہننا پڑی، چار انچ کی ہیلز جو میرے لیے تھوڑا مشکل تھا کیونکہ میں ہیلز بالکل نہیں پہنتی۔‘
’یہ تجربہ میرے لیے جہاں بہت اچھا تھا وہیں تھوڑا مشکل بھی، کیونکہ مجھے ہیلز پہن کر چلنا تھا اور پوز بھی کرنا تھا جس نے مجھے کچھ مشکل میں ڈالا لیکن حسین رہار نے اتنے اچھے سے برتاؤ کیا اور میرے کام کرنے میں بہت آسانی پیدا کی۔‘
کیا کبھی اداکاری کے لیے رابطہ کیا جائے، تو دلچپسی لیں گی؟ ان کا کہنا تھا کہ میں ایک گلوکارہ ہو، اگر مستقبل میں کوئی ایسی آفر ہوئی اور میں کر سکی تو ضروری کروں گی لیکن اگر کوئی ایسا کام ہوا جو میرے بس کی بات نہ ہوئی تو معذرت کر لوں گی۔‘